انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سعودی حکام سے انسانی حقوق کے مقید کارکن کی خاندان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ

ریاض، سعودی عرب
Riyadh, the capital of Saudi Arabia.
ریاض، سعودی عرب

سعودی حکام سے انسانی حقوق کے مقید کارکن کی خاندان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ

انسانی حقوق

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کے حالات پر اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر میری لالور نے مطالبہ کیا ہے کہ جیل میں قید انسانی حقوق کے سعودی کارکن محمد القحطانی کے خاندان اور وکلا کو ان تک فوری رسائی دی جائے۔ اطلاعات کے مطابق القحطانی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

القحطانی شہری و سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی ایک سعودی تنظیم کے بانی رکن ہیں جسے 2013 میں تحلیل کر دیا گیا تھا۔ لالور نے ایک بیان میں ان کی صحت اور زندگی کے حوالے سے اپنے بڑھتے ہوئے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

Tweet URL

انہیں بیرون ملک بشمول اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کو جھوٹی اطلاعات فراہم کرنے کے مبینہ الزام میں اُسی برس دس سال قید کی سزا دی گئی تھی۔

حکام سے اپیل

لالور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ''مجھے ان اطلاعات پر تشویش ہے کہ محمد القحطانی کی جانب سے خود پر دوسرے قیدیوں کے حملوں کی شکایات درج کرانے کے بعد ان کا اپنے خاندان کے ساتھ رابطہ 23 اکتوبر 2022 سے منقطع ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ''میں سعودی عرب میں متعلقہ حکام سے کہہ رہی ہوں کہ وہ ان کے خاندان کو بتائیں کہ وہ کہاں ہیں اور ان کی صحت کے بارے میں موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں نیز خاندان اور وکلا کو ان تک رسائی دیں۔''

خصوصی رپورٹر اس معاملے پر حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

قیدیوں کے حقوق کی پامالی

القحطانی کو سعودی دارالحکومت ریاض کی ال حائر اصلاحی جیل میں رکھا گیا ہے جہاں وہ اپنے ساتھ ہونے والی بد سلوکی کے خلاف تواتر سے احتجاج کرتے رہے ہیں۔

وہ مئی سے خود پر دوسرے قیدیوں کے حملوں کی شکایت کر رہے تھے لیکن حکام نے ان کی یہ درخواست مسترد کر دی کہ انہیں کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے۔

لالور نے کہا ہے کہ انہیں لوگوں کو قید تنہائی میں رکھے جانے پر شدید تشویش ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی قانون کے تحت قیدیوں کے حقوق کی پامالی کے ذمرے میں آتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ''ایسے طریقہ ہائے کار قیدیوں کی سلامتی کے حوالے سے سنگین تشویش کو جنم دیتے ہیں کیونکہ اس سے انہیں بدسلوکی اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ ان کا بیرونی دنیا سے ہر طرح کا رابطہ منقطع ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ کے رپورٹروں کا کردار

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے تعینات کردہ خصوصی رپورٹر کسی ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال یا موضوعی مسائل سے متعلق نگرانی اور اطلاع دینے کا کام کرتے ہیں۔

انسانی حقوق کے یہ ماہرین کسی حکومت کے تابع نہیں ہوتے اور ذاتی حیثیت میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔

یہ رپورٹر اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ بھی نہیں ہوتے اس لیے وہ اپنے کا کوئی معاوضہ وصول نہیں کرتے۔