انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کیمرون کے سابق وزیراعظم یو این جنرل اسمبلی کے نئے صدر منتخب

کیمرون کے سابق وزیراعظم فائلیمن یانگ اس سال ستمبر میں شروع ہونے والی اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی کے صدر ہونگے۔
United Nations
کیمرون کے سابق وزیراعظم فائلیمن یانگ اس سال ستمبر میں شروع ہونے والی اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی کے صدر ہونگے۔

کیمرون کے سابق وزیراعظم یو این جنرل اسمبلی کے نئے صدر منتخب

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کیمرون کے سابق وزیراعظم فائلیمن یانگ کو ستمبر سے شروع ہونے والے اپنے 79ویں اجلاس کا صدر منتخب کر لیا ہے۔

جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر ڈینس فرانسس نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر یانگ افریقن یونین میں نمایاں شخصیات کے پینل کے چیئرپرسن بھی رہ چکے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ امن، پائیدار ترقی اور انسانی وقار کے اصولوں سے غیرمتزلزل وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

Tweet URL

ان کی ثابت قدم قیادت مکالمے، تعاون اور شمولیت کے اصولوں سے عبارت ہے جن کی جنرل اسمبلی کے کام میں رہنمائی کے لیے لازمی اہمیت ہے۔ اس وقت دنیا کو بہت سے پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے جن کے ہوتے ہوئے کثیرفریقی طریقہ کار اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔ 

ڈینس فرانسس نے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر کے انسانوں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے اکٹھے اور کڑی محنت سےکام کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ فائلیمن یانگ کی قیادت میں جنرل اسمبلی جرات اور ہمدردی کے جذبے سے دور حاضر کے مسائل سے نمٹے گی۔ 

79ویں اجلاس کا موضوع 

فائلیمن یانگ نے جنرل اسمبلی کی صدارت کے امیدوار کی حیثیت سے مئی میں ارکان کے ساتھ بات چیت میں بتایا کہ 'تنوع میں اتحاد، فروغ امن، پائیدار ترقی اور ہر جگہ ہر ایک کے لیے انسانی وقار' 79ویں اجلاس میں ان کے بنیادی موضوعات ہوں گے۔ 

اپنے انتخاب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تنوع زندگی کا ایک حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے بات چیت اور اتفاق رائے کے ذریعے بہت سے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ 

جنرل اسمبلی کا 79واں اجلاس 10 ستمبر سے شروع ہو گا۔ اس دوران اعلیٰ سطحی عمومی مباحثے کا آغاز 24 ستمبر سے ہونا ہے۔

مشکل موڑ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نومنتخب صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے دنیا کو درپیش بہت سے مسائل کا تذکرہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں جنگیں ہو رہی ہیں۔ موسمیاتی بحران شدت پکڑ رہا ہے۔ غربت اور عدم مساوات بڑھتی جا رہی ہے۔ عدم اعتماد اور تقسیم لوگوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر رہی ہیں۔ پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت غیرمعمولی طور سے بے سمت ہے اور ترقی پذیر ممالک کو اپنے لوگوں پر خرچ کرنے کے لیے مالی تعاون میسر نہیں رہا۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دنیا کو مزید پرامن اور پائیدار بنانے کے مشترکہ مقصد سے نظریں ہٹانے کی گنجائش نہیں۔ 

انہوں نے اسمبلی کے موجودہ صدر کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نومنتخب صدر یانگ بھی انہی کی طرح اہم کردار ادا کریں گے۔ وہ سفارت کار اور سرکاری ملازم کی حیثیت سے اپنے ملک کی نمائندگی کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں اور اپنے براعظم کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے والے پُرفخر افریقی ہیں۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ نومنتخب صدر کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔