انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ: امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے نئی یو این رابطہ کار کا دورہ مصر

غزہ میں امداد کی فراہمی اور تعمیر نو کے لیے اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی رابطہ کار سگریڈ کاگ رفع کراسنگ کے قریب مصر کے علاقے العریش گئیں۔
UN
غزہ میں امداد کی فراہمی اور تعمیر نو کے لیے اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی رابطہ کار سگریڈ کاگ رفع کراسنگ کے قریب مصر کے علاقے العریش گئیں۔

غزہ: امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے نئی یو این رابطہ کار کا دورہ مصر

انسانی امداد

غزہ میں امداد کی فراہمی اور تعمیر نو کے لیے اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی رابطہ کار سگریڈ کاگ جنگ زدہ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی کوششوں پر بات چیت کے لیے مصر کے دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ یہ جائزہ لینے کے لیے آئی ہیں کہ غزہ میں کم از کم وقت میں امداد پہنچانے اور اس کی مقدار بڑھانے کے لیے کون سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

سگریڈ کاگ کو گزشتہ ماہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت غزہ میں امداد کی فراہمی کے عمل کی نگرانی اور تصدیق کا کام سونپا گیا ہے۔وہ ایسے ممالک کے ذریعے غزہ میں امداد کی فراہمی کو تیز کرنے کا طریقہ کار بھی وضع کریں گی جو اس تنازع میں فریق نہیں ہیں۔

اعلیٰ سطحی رابطہ کار سوموار کو مصر پہنچی تھیں جہاں ان کی خارجہ امور، سماجی یکجہتی اور دفاع کے وزرا اور مصر کی انجمن ہلال احمر کے حکام سے مفید ملاقاتیں ہوئیں۔

غزہ کی ضروریات

غزہ میں 100 روز سے زیادہ عرصہ سے جنگ کا سامنا کرنے والے شہریوں کو نہایت مشکل انسانی حالات کا سامنا ہے جنہیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔ 

سگریڈ کاگ کا کہنا تھا کہ یہ نہایت اہم دورہ ہے کیونکہ مصر کی حکومت، رضاکار اور دیگر غزہ کے لوگوں کو مدد پہنچانے کے لیے غیرمعمولی کام کر رہے ہیں۔ اس دورے میں مصر کی حکومت اور انجمن ہلال احمر کو غزہ کے لیے امداد کی فراہمی بہتر کرنے اور اسے مزید مفید بنانے میں مدد ملے گی۔ اس دوران ہونے والی بات چیت اور موصولہ اطلاعات سلامتی کونسل کے لیے ان کی بریفنگ میں بھی اہمیت کی حامل ہوں گی۔ 

سگریڈ کاگ اس دورے کے اگلے مرحلے میں رفح جا رہی ہیں جو غزہ میں امداد پہنچانے کے دو مقامات میں سے ایک ہے۔

امداد کی ترسیل

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ 15 اور 16 جنوری کے درمیان رفح اور کیریم شالوم کے سرحدی راستوں سے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان لے کر 240 ٹرک غزہ پہنچے ہیں۔ ان میں 25 ٹرکوں کو فلسطینی ہلال احمر نے رفح کی سرحد پر مصری ہلال احمر سے وصول کیا۔ 

یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو یہ تنازع شروع ہونے سے قبل روزمرہ ضرورت کا سامان لےکر روزانہ 500 سے زیادہ ٹرک غزہ آ رہے تھے۔