انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روس نے خلاء کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے کی قرارداد ویٹو کر دی

ایک خلائی مشن کے دوران زمین کی لی گئی تصویر۔
© NASA
ایک خلائی مشن کے دوران زمین کی لی گئی تصویر۔

روس نے خلاء کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے کی قرارداد ویٹو کر دی

امن اور سلامتی

خلا کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے کے لیے سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد کو روس نے ویٹو کر دیا ہے۔

جاپان اور امریکہ کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کے حق میں 13 ووٹ آئے جبکہ چین رائے شماری سے غیرحاضر رہا۔ 

قرارداد میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے تمام ارکان اور بالخصوص جدید خلائی ٹیکنالوجی کے حامل ممالک خلا کے پرامن استعمال اور وہاں ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

علاوہ ازیں، اس میں تمام ممالک پر زور دیا گیا تھا کہ وہ ان مقاصد اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے اور اس معاملے میں تعاون بڑھانے کے موجودہ معاہدوں سے متضاد تمام اقدامات سے گریز کریں۔

چین اور روس کی ترمیم مسترد

رائے شماری سے قبل چین اور روس نے اس قرارداد میں ایک ترمیم بھی تجویز کی تھی جس کے تحت اس میں ایک اضافی پیراگراف شامل کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ 

اس پیراگراف میں تمام ارکان اور بالخصوص جدید خلائی ٹیکنالوجی کے حامل ممالک سے کہا گیا تھا وہ خلا میں ہتھیار بھیجنے، خلا سے زمین پر اور زمین سے خلا میں طاقت کے استعمال اور اس کی دھمکیوں کو ہمیشہ کے لیے روکنے کی خاطر فوری اقدامات کریں۔ اس میں ممالک پر زور دیا گیا تھا کہ وہ بات چیت کے ذریعے ایسے کثیرفریقی معاہدوں کے لیے بھی کام کریں جن کی پابندی قانوناً لازمی ہو۔

اس ترمیم کو منظوری کے لیے نو ارکان کی حمایت درکار تھی، تاہم رائے شماری میں سات ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیے اور سات ہی نے اس کی مخالفت کی جبکہ ایک رکن غیرحاضر رہا۔