انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیز اضافہ، ڈبلیو ایچ او

انڈونیشیا کے ایک سکول کا طالبعلم جراثیموں سے بچاؤ کے لیے ہاتھ دھونے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے۔
© UNICEF/Hafiz Al Asad
انڈونیشیا کے ایک سکول کا طالبعلم جراثیموں سے بچاؤ کے لیے ہاتھ دھونے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے۔

کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیز اضافہ، ڈبلیو ایچ او

صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تصدیق کی ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور شمالی کُرے میں آئندہ موسم سرما کے دوران اس بیماری کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

'ڈبلیو ایچ او' کے مطابق 17 دسمبر سے پہلے چار ہفتوں کے دوران اس بیماری کے متاثرین کی تعداد میں اس سے پہلے کے 28 ایام کی نسبت 52 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارے کے ترجمان کرسٹین لنڈمیئر کے مطابق کووڈ۔19 کے ان نئے متاثرین کی تعداد تقریباً 850,000 ریکارڈ کی گئی ہے تاہم حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ 

غیرواضح صورت حال

انہوں نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ دنیا بھر میں کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کی اطلاع دینے کا نظام کمزور پڑ چکا ہے، اس کی نگرانی کے مراکز اور ویکسین مہیا کرنے کی سہولیات میں کمی آئی ہے اور ایسی بہت سی خدمات اب وجود ہی نہیں رکھتیں۔ 

ان حالات میں اس بیماری کے حوالے سے حقیقی صورت حال پوری طرح واضح نہیں ہے۔ اسی لیے ممکنہ طور پر مریضوں کی تعداد ادارے کی جانب سے بیان کردہ اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ 

بیشتر نئے مریض اس وائرس کی جے این۔1 لڑی سے متاثر ہوئے ہیں جس کا 'ڈبلیو ایچ او' میں 'جراثیم کی قابل توجہ قسم' کے طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس قسم کا وائرس پہلی مرتبہ امریکہ میں ظاہر ہوا تھا جس کے بعد یہ دنیا کے درجنوں ممالک میں پھیل گیا۔

یہ اومیکرون نامی کووڈ وائرس کی تبدیل شدہ قسم ہے جو 2022 میں بڑے پیمانے پر دنیا بھر میں پھیلا تھا۔