انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اسرائیل فلسطین: صورتحال مزید بگڑنے کا خطرہ ہے، گرفتھس

مارٹن گرفتھس نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ دوران جنگ امدادی کارکنوں سمیت تمام شہریوں اور شہری تنصیبات کو تحفظ دیں۔
UN News/Daniel Johnson
مارٹن گرفتھس نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ دوران جنگ امدادی کارکنوں سمیت تمام شہریوں اور شہری تنصیبات کو تحفظ دیں۔

اسرائیل فلسطین: صورتحال مزید بگڑنے کا خطرہ ہے، گرفتھس

انسانی امداد

امدادی امور سے متعلق اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے) کے سربراہ مارٹن گرفتھس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل اور مقبوضہ فلسطین کے شہریوں کو ایک ہفتے سے درپیش تکالیف اور تباہی مزید بدترین صورت اختیار کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں لوگ گزشتہ ہفتے کے حملوں کی ہولناکیوں کے بعد صدمے کی حالت میں ہیں جہاں ایک ہزار سے زیادہ شہری ہلاک اور اس سے بڑی تعداد میں زخمی ہوئے جبکہ 100 سے زیادہ لوگ تاحال یرغمال ہیں۔

کہیں تحفظ نہیں

دوسری جانب غزہ میں لوگوں کو گنجان اور تباہ شدہ سڑکوں پر جنوب کی طرف نقل مکانی کے دوران بمباری کا سامنا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ سے انخلا کے احکامات کے بعد ہزاروں لوگ پناہ کی تلاش میں سرگرداں ہیں جو انہیں کہیں بھی میسر نہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال جو پہلے ہی بہت نازک تھی، اب تیزی سے بگڑ رہی ہے۔

'او سی ایچ اے' کے سربراہ نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی تشدد عروج پر ہے جہاں بڑی تعداد میں شہری ہلاک و زخمی ہو رہے ہیں اور خاندانوں کو نقل و حرکت میں وسیع پیمانے پر پابندیوں کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ لبنان میں کشیدگی بھی سنگین خدشات کو جنم دے رہی ہے۔

جنگی قوانین کی پاسداری ضروری

مارٹن گرفتھس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اپیل کو دہراتے ہوئے کہا کہ تمام بااثر ممالک اس تنازعے کے فریقین کی جانب سے جنگی قوانین کی پاسداری یقینی بنانے اور علاقے میں کشیدگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ 

 انہوں نے متحارب فریقین پر بھی زور دیا ہے کہ وہ دوران جنگ امدادی کارکنوں سمیت تمام شہریوں اور شہری تنصیبات کو تحفظ دیں۔

مارٹن گرفتھس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتہ انسانیت کا امتحان تھا جس میں وہ ناکام ہو رہی ہے۔