انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ڈچ سیاستدان و سفارتکار سگریڈ کاگ غزہ پر خصوصی رابطہ کار مقرر

سگریڈ کاگ اس سال نومبر میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرتشریف لائی تھیں۔
UN Photo/Loey Felipe
سگریڈ کاگ اس سال نومبر میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرتشریف لائی تھیں۔

ڈچ سیاستدان و سفارتکار سگریڈ کاگ غزہ پر خصوصی رابطہ کار مقرر

انسانی امداد

نیدرلینڈز کی سبکدوش ہونے والی نائب وزیراعظم اور تجربہ کار سفارت کار سگریڈ کاگ کو غزہ کے لیے اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی امدادی رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے۔

ان کی تقرری کا اعلان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کیا۔ سگریڈ کاگ اس سے پہلے بھی اقوام متحدہ میں متعدد اعلیٰ عہدوں پر کام کر چکی ہیں۔ 

رابطہ کار کی حیثیت سے وہ غزہ میں فراہم کی جانے والی امداد میں سہولت دینے، اس کے لیے رابطہ کاری، نگرانی اور امدادی سامان کی جانچ پڑتال کریں گی۔ ان کی تقرری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کے تحت کی گئی ہے۔ وہ ایسے ممالک کے ذریعے امدادی سامان مہیا کرنے کی رفتار تیز کرنے کا طریقہ کار بھی وضع کریں گی جو اس تنازع میں فریق نہیں ہیں۔ 

سگریڈ کاگ متوقع طور پر 8 جنوری سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ 

وسیع سیاسی و سفارتی تجربہ

سگریڈ کاگ سیاست، انسانی امداد، ترقیاتی امور اور سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ 

وہ جنوری 2022 سے حالیہ دنوں تک نیدرلینڈز کی حکومت میں نائب وزیراعظم اول اور پہلی خاتون وزیر خزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی چلی آئی ہیں۔ اس سے پہلے اکتوبر 2017 سے مئی 2021 تک انہوں نے تجارت و ترقیاتی تعاون اور اس کے بعد امور خارجہ کی وزیر کی حیثیت سے کام کیا۔ 

ستمبر 2020 میں وہ سوشل لبرل پارٹی ڈی66 کی رہنما منتخب ہوئیں اور اس سے اگلے سال مارچ میں ان کے زیرقیادت اس جماعت نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 

سگریڈ کاگ 2015 سے 2017 تک لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی رابطہ کار بھی رہ چکی ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کے ادارے کے مشترکہ مشن (او پی سی ڈبلیو) کی خصوصی رابطہ کار اور شام میں اقوام متحدہ کی نمائندہ کے طور پر کام کیا۔

قرارداد پر عملدرآمد

2010 سے 2013 تک انہوں نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے لیے معاون سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے کام کیا۔ 2007 سے 2010 تک وہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے یونیسف کی ریجنل ڈائریکٹر رہیں۔ 

سگریڈ کاگ اس سے پہلے یونیسف، عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (انرا) میں کئی اعلیٰ سطحی عہدوں پر خدمات انجام دیتی چلی آئی تھیں۔ 

گزشتہ جمعے کو سلامتی کونسل نے قرارداد 2070 کی منظوری دی تھی۔ اس قرارداد میں دیگر کے علاوہ غزہ بھر میں شہریوں کو انسانی امداد کی فوری، محفوظ، بلارکاوٹ اور ضرورت کے مطابق فراہمی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ 

قرارداد میں سیکرٹری جنرل سے درخواست کی گئی کہ وہ غزہ میں امداد و تعمیرنو کے لیے ایک اعلیٰ سطحی رابطہ کار کا تقرر کریں۔ علاوہ ازیں، اس میں امداد کی تقسیم کے لیے اقوام متحدہ کا طریقہ کار فوری وضع کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔