انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ میں امداد کی ترسیل بڑھانے پر سلامتی کونسل میں قرارداد منظور

UN سلامتی کونسل کے ارکان نے غزہ کی صورتحال سے متعلق قرارداد 2720 پر ووٹ دیا۔
UN Photo/Loey Felipe اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا ایک منظر۔

غزہ میں امداد کی ترسیل بڑھانے پر سلامتی کونسل میں قرارداد منظور

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فوری، محفوظ، بلاروک و ٹوک، ضرورت کے مطابق اور براہ راست فراہمی کے لیے قرارداد منظور کر لی ہے۔

15 رکنی کونسل میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی جانے والی اس قرارداد کے حق میں 13 ووٹ آئے جبکہ امریکہ اور روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

متحدہ عرب امارات کی طرف سے پیش کی گئی اس قرارداد میں فریقین سے بین الاقوامی قوانین خاص طور پر جو شہریوں اور شہری املاک کے تحفظ کا تقاضہ کرتے ہیں کی پاسداری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی گئی ہے کہ غزہ میں امدادی سرگرمیوں اور تعمیرنو کے لیے ایک اعلیٰ سطحی رابطہ کار کا تقرر کیا جائے، جو تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے انسانی امداد کی ترسیل کو تیز کرنے کا طریقہ کار وضع کرے۔

امریکہ کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نیویارک میں UN سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہی ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل سفیر لِنڈا تھامس۔گرین فیلڈ کہا کہ قرارداد میں 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کی مذمت نہ کی جانا امریکہ کے لیے پریشان کن ہے۔

امید کی کرن: امریکہ 

اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل سفیر لِنڈا تھامس۔گرین فیلڈ نے رائے شماری کے بعد کونسل میں سب سے پہلے خطاب کیا۔ انہوں نے اس قرارداد کو بڑے پیمانے پر ناقابل تصور مصائب کے ہوتے ہوئے امید کی کرن قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تنازع کے آغاز سے ہی امریکہ نے انسانی بحران میں کمی لانے، غزہ میں ضروری امداد پہنچانے، یرغمالیوں کی رہائی، بے گناہ شہریوں اور امدادی کارکنوں کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے انتھک کام کیا۔ 

امریکی سفیر نے کہا کہ آج کونسل نے واضح طور پر کہا ہے کہ تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ اس کے علاوہ امدادی گروہوں بشمول طبی عملے کو یرغمالیوں تک رسائی کے قابل ہونا چاہیے۔ 

انہوں نے انسانی بحران پر سلامتی کونسل میں آواز اٹھائے جانے کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کی مذمت نہ کی جانا امریکہ کے لیے پریشان کن ہے۔

روسی فیڈریشن کے سفیر واسیلی نیبنزیا فلسطین کے سوال سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر UN سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Manuel Elías روسی سفیر ویزلے نبینزیا نے کہا کہ اگر عرب ممالک نے اس قرارداد کی حمایت نہ کی ہوتی تو روس اسے ویٹو کر دیتا۔

سلامتی کونسل کے لیے دکھ کی گھڑی: روس

روس کے سفیر نے اپنے ملک کی جانب سے قرارداد میں تجویز کردہ ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پر رائے شماری سچائی کا اعتراف ہوتی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو غزہ میں تشدد روکنے کا کم از کم مطالبہ کرنے کی بھی جرات نہیں ہوئی۔ اس کے بجائے کونسل نے گویا فلسطینیوں کے قتل کا اجازت نامہ جاری کر دیا۔

یہ کونسل کے لیے فتح یا کثیرفریقی سفارت کاری پر فخر کا موقع نہیں بلکہ ایک المناک صورت حال ہے۔ یہ امریکہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر غیراصولی بلیک میلنگ اور فلسطینیوں کی تکالیف اور عالمی برادری کی امیدوں کی کھلی توہین ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عرب ممالک نے اس قرارداد کی حمایت نہ کی ہوتی تو روس اسے ویٹو کر دیتا۔ عرب ممالک اس بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں اور انہیں اس کی ذمہ داری لینی ہوگی، تاہم روس اس قرارداد کے متن سے واضح طور پر اختلاف کرتا ہے۔

فرانس کی نائب مستقل نمائندہ ناتھالی براڈہرسٹ نے فلسطین کے سوال سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر UN سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کیا۔
UN Photo/Manuel Elías اقوام متحدہ میں فرانس کی نائب مستقل نمائندہ نتھالی براڈہرسٹ نے کہا بین الاقوامی انسانی قانون کا اطلاق تمام حالات میں ہونا چاہیے۔

امدادی و طبی عملے کو تحفظ دیا جائے: فرانس

اقوام متحدہ میں فرانس کی نائب مستقل نمائندہ نتھالی براڈہرسٹ نے کہا کہ یہ قرارداد تنازع کے پائیدار خاتمے کے لیے حالات سازگار بنانے کے فوری اقدامات کے لیے کہتی ہے۔ بہتر ہوتا کہ کونسل اس معاملے پر مزید پُرعزم طور سے بات کرتی۔ فرانس کے صدر نے جنگ بندی کے لیے فوری کام کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے اور اسی سے ہی مسئلے کے سیاسی حل کی راہ نکلے گی۔

انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی اہمیت کو واضح کیا اور کہا کہ اس کا اطلاق تمام حالات میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے امدادی عملے اور طبی اہلکاروں کو مکمل تحفظ اور ضرورت مندوں تک رسائی کی ضمانت دینے کے لیے بھی کہا۔

چین کے سفیر ڈائی بنگ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر UN سلامتی کونسل سے خطاب کر رہے ہیں۔
United Nations اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے ڈائی بِنگ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کی آبادی کو اجتماعی سزا دینا بند کرے۔

قرارداد پر موثر عملدرآمد کی ضرورت: چین

اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے ڈائی بِنگ نے کہا کہ اگرچہ قرارداد میں کی گئی ترامیم ان کے ملک کی توقعات کے مطابق نہیں ہیں تاہم چین اس کی حمایت کرتا ہے۔ 

غزہ میں انسانی تباہی کو دیکھا جائے تو یہ قرارداد انسانی امداد کی بڑی مقدار میں اور تیزرفتار فراہمی کے لیے امید کی کرن ہے۔ تاہم یہ امید فلسطین کے لوگوں کو واقعتاً دکھائی دینی چاہیے اور اس کا دارومدار اس بات پر ہے کہ قرارداد پر کس قدر موثر طریقے عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کیریم شالوم کے سرحدی راستے کو پوری طرح استعمال کیا جائے گا اور امداد کی رسائی کے لیے دیگر راستے بھی کھولے جائیں گے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کی آبادی کو اجتماعی سزا دینا بند کرے اور اسے یہ احساس ہونا چاہیے کہ اس معاملے میں جنگ بندی بدستور بڑا مقصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے چین نے روس کی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تاہم افسوس ناک طور سے اسے ویٹو کر دیا گیا۔

برطانیہ کی سفیر باربرا ووڈورڈ UN سلامتی کونسل کے اجلاس سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال بشمول فلسطین کے مسئلے پر خطاب کر رہی ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل سفیر باربرا وڈ وارڈ نے کہا کہ بالآخر اس مسئلےکا دو ریاستی حل ہی اسرائیلی اور فلسطینی لوگوں کے لیے سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے۔

فریقین ذمہ داریاں پوری کریں: برطانیہ 

اس موقع پر اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل سفیر باربرا وڈ وارڈ نے کہا کہ برطانیہ نے اس قرارداد کی حمایت کی ہے۔ اس سے امدادی سامان کی جانچ پڑتال کو باترتیب بنانے میں مدد ملے گی اور بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی ممکن ہو گی۔ قرارداد میں تنازع کے پائیدار انداز میں خاتمے کے لیے یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قرارداد سے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت فریقین کے حقوق اور ذمہ داریاں متاثر نہیں ہوتیں۔ قرارداد کی منظوری سلامتی کونسل کے عزم کا ایک اہم ثبوت ہے۔ 

آج اور مستقبل میں سلامتی کونسل کے اقدامات سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملنی چاہیے کہ 7 اکتوبر جیسے ہولناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ 'ہم حماس کی دہشت گردی کی واضح طور پر مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کے حامی ہیں۔' 

انہوں نے مزید کہا کہ بالآخر اس مسئلےکا دو ریاستی حل ہی اسرائیلی اور فلسطینی لوگوں کے لیے سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سفیر Lana Zaki Nasseibeh مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر UN سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہی ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe قوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل سفیر لانا ذکی نصیبہ نے کہا کہ قرارداد کا مسودہ جامع مشاورت اور کونسل کے ارکان میں باہمی رابطوں کا نتیجہ ہے۔

عملیت پسندی کا تقاضہ: متحدہ عرب امارات

رائے شماری سے قبل اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل سفیر لانا ذکی نصیبہ نے غزہ میں سنگین انسانی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے ممکنہ قحط کے خدشات کی بابت خبردار کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ قرارداد کا مسودہ جامع مشاورت اور کونسل کے ارکان میں باہمی رابطوں کا نتیجہ ہے اور اس میں مصر اور فلسطین کو بھی شامل رکھا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کا مقصد واضح ہے کہ یہ فلسطینی لوگوں کو درپیش سنگین حالات سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کے لیے کہتی ہے۔ علاوہ ازیں اس میں امداد فراہم کرنے والوں کو تحفظ دینے کی بات کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد یرغمالیوں کی فوری رہائی اور ان کی طبی ضروریات پوری کرنے کے لیے ان تک رسائی کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔