انسانی کہانیاں عالمی تناظر

تمباکو کی صنعت کے جھوٹ کا پول کھولنے کی نئی مہم

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ تمباکو کی صنعت مسلسل جھوٹ بولتی آ رہی ہے۔
Unsplash/Reza Mehrad
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ تمباکو کی صنعت مسلسل جھوٹ بولتی آ رہی ہے۔

تمباکو کی صنعت کے جھوٹ کا پول کھولنے کی نئی مہم

صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نوجوانوں کو تمباکو کی صنعت کی جانب سے متواتر پھیلائی جانے والی غلط اطلاعات سے تحفظ دینے کی مہم شروع کی ہے۔

'جھوٹ بند کریں' کے عنوان سے شروع کیے گئے اس اقدام کا مقصد طبی پالیسی میں تمباکو کی صنعت کا عمل دخل بند کرنا ہے۔

Tweet URL

غیرمنفعی ادارے 'سٹاپ' اور 'گلوبل سنٹر فار گڈ گورننس ان ٹوبیکو کنٹرول' کی شائع کردہ نئی شہادتوں سے بھی اس مسئلے کے حقیقی ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔

کاروباری ہتھکنڈے

'ڈبلیو ایچ او' کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمباکو کی کمپنیوں نے دنیا بھر میں طبی پالیسیوں کو تحفظ دینے کی کوششوں میں بگاڑ پیدا کیا ہے۔

یہ صنعت صحت کو تحفط دینے کے حق میں مداخلت کی کوشش کرتی ہے۔ اس مقصد کے لیے یہ حکومتوں کو عدالتوں میں لے جاتی ہے اور تمباکو پر پابندی سے متعلق پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کے لیے مالی ترغیبات پیش کرتی ہے۔

اس مہم سے نوجوانوں کی آواز کو پھیلانے، تمباکو کی صنعت کے ہتھکنڈوں کو سامنے لانے اور طبی پالیسیوں کو تحفظ دینے کے بارے میں آگاہی ملے گی۔ اس طرح لوگوں کو تمباکو کی مصنوعات کے استعمال کا خاتمہ کرنے اور نئی نسل کی صحت کو تحفظ دینے میں ان پالیسیوں کی اہمیت کا اندازہ بھی ہو گا۔ 

تمباکو کی صنعت سے تحفظ

فروغ صحت کے لیے 'ڈبلیو ایچ او' کے ڈائریکٹر ڈاکٹر روڈیگر کریچ نے کہا ہے کہ ادارہ دنیا بھر کے ان نوجوانوں کے ساتھ کھڑا ہے جنہوں نے حکومتوں سے انہیں اس مہلک صنعت کے خلاف تحفظ دینے کو کہا ہے۔

ان کے بقول یہ صنعت نئی نقصان دہ مصنوعات کے ذریعے انہیں ہدف بناتی اور صحت پر ان کے اثرات کی بابت کھلی دروغ گوئی کرتی ہے۔ 

انہوں نے تمام ممالک سے کہا کہ وہ اس مہلک صنعت کو پالیسی سازی سے دور رکھ کر اپنی طبی حکمت عملی کو تحفظ دیں۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسی مداخلت کے خلاف ثبوت کی بنیاد پر کیے جانے والے اقدامات کو تحفط دینے کا حامی ہے۔