انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سال 2024 میں پناہ گزینوں کی آبادکاری کی ضروریات بڑھ جائیں گی

پناہ گزین روانڈا کے کیزیبا کیمپ سے ناروے میں آبادکاری کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
© UNHCR/Lilly Carlisle
پناہ گزین روانڈا کے کیزیبا کیمپ سے ناروے میں آبادکاری کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔

سال 2024 میں پناہ گزینوں کی آبادکاری کی ضروریات بڑھ جائیں گی

مہاجرین اور پناہ گزین

پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ایچ ای آر' نے آئندہ برس دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی نوآبادکاری سے متعلق ضروریات میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

2024 کے لئے دنیا بھر میں نوآبادکاری کی متوقع ضروریات سے متعلق جاری کردہ جائزے کے مطابق آئندہ برس 2.4 ملین پناہ گزینوں کو ازسرنو آباد کئے جانے کی ضرورت ہو گی اور یہ تعداد 2023 کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔

Tweet URL

پناہ گزینوں کے شدت اختیار کرتے بحران اور بے گھری کے نئے حالات پیدا ہونے کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات درکار ہیں۔

بڑھتے مسائل

پناہ گزینوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی نے کہا ہے کہ 2024 میں نوآبادکاری کے ضرورت مند پناہ گزینوں کی تعداد میں تشویش ناک اضافے کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ خطرات سے دوچار اور مخصوص ضروریات کے حامل لوگوں کی زندگی کے تحفظ کے لئے نوآبادکاری کی خاص اہمیت ہے۔ 

انہوں نے تمام باوسائل ممالک سے کہا کہ وہ آگے بڑھیں اور ضرورت مند لوگوں کو سلامتی اور تحفظ مہیا کرنے کے لئے پائیدار اور نوآبادکاری کے لئے کئی سال تک وسائل فراہم کرنے کے وعدے کریں اور پناہ گزینوں کے لئے عالمی برادری کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

2024 میں پناہ گزینوں کی ضروریات کے حوالے سے ایشیا سب سے آگے ہے جہاں تقریباً 730,000 پناہ گزینوں کو نوآبادکاری میں مدد درکار ہو گی۔ یہ دنیا بھر میں پھیلے پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد کا 30 فیصد ہے۔

فوری مدد

شام کا بحران 13ویں سال میں داخل ہو رہا ہے اور یہ دنیا میں پناہ گزینوں کے حوالے سے بدستور سب سے بڑی صورتحال ہے۔ شام کے پناہ گزینوں کو متواتر آٹھ برس سے نوآبادکاری کے حوالے سے شدید ترین ضروریات درپیش ہیں۔ دنیا بھر میں پھیلے شام کے 754,000 پناہ گزینوں کو نوآبادکاری کے ذریعے ہنگامی مدد کی ضرورت ہے۔ 

اندازے کے مطابق شام کے بعد افغانستان سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کی ضروریات سب سے زیادہ ہیں۔ اس کے بعد جنوبی سوڈان، میانمار اور جمہوریہ کانگو کا نمبر آتا ہے۔

نصف کی آبادکاری

2022 میں یو این ایچ سی آر کی جانب سے تقریباً 116,000 پناہ گزینوں کے نام نوآبادکاری کے لئے بھیجے گئے جن میں سے 58,457 افراد ہی اس مقصد کے لئے روانہ ہو پائے۔ ادارہ ہنگامی حالات اور طبی مسائل کا سامنا کرنے والے پناہ گزینوں کے لئے مزید جگہیں مختص کرنے اور ان کی نوآبادکاری کی بروقت کارروائی اور روانگی ممکن بنانے کی اہمیت کی وکالت کر رہا ہے۔ 

نوآبادکاری سنگین خطرات کا سامنا کرنے والوں کو امید اور تحفظ مہیا کرتی ہے اور ان کے مسائل کا پائیدار حل پیش کرنے کے ساتھ ان کے میزبان ممالک کا بوجھ کم کرنے اور تحفظ کے وسیع نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔