انسانی کہانیاں عالمی تناظر

حصول تعلیم کے لیے افغان لڑکیاں روانڈا پہنچ گئیں

تعلیم جاری رکھنے کے لیے افغان لڑکیاں روانڈا پہنچ رہی ہیں۔
IOM/Robert Kovacs
تعلیم جاری رکھنے کے لیے افغان لڑکیاں روانڈا پہنچ رہی ہیں۔

حصول تعلیم کے لیے افغان لڑکیاں روانڈا پہنچ گئیں

خواتین

عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) افغانستان کے موجودہ حکمرانوں کی جانب سے لڑکیوں کو ثانوی اور ثلاثی تعلیم کے حصول سے روکے جانے کے بعد افغان لڑکیوں کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے روانڈا منتقل ہونے میں مدد دے رہا ہے۔

یہ لڑکیاں سکول آف لیڈرشپ، افغانستان (ایس او ایل اے) میں داخلہ لینے والے پہلے غیرملکی طلبہ میں شامل ہیں۔ یہ افغان لڑکیوں کے لیے قائم کردہ بورڈنگ سکول ہے جو پہلے کابل میں قائم تھا لیکن تعلیم پر پابندی کے بعد اسے روانڈا میں منتقلی پر مجبور ہونا پڑا۔

Tweet URL

'ایس او ایل اے' اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد سکول ہے جو افغان لڑکیوں کو ثانوی درجے کی تعلیم کے حصول کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرتا ہے اور اس کا مقصد خواتین رہنماؤں کی نئی نسل تیار کرنا ہے۔

لگن اور عزم

آئی او ایم کے ڈائریکٹر جنرل انتونیو ویٹورینو کا کہنا ہے کہ ''اس قدر مخالفت کے ہوتے ہوئے افغان خواتین اور لڑکیوں کی لگن اور قوت کو دیکھ کر ہم روزانہ ان سے متاثر ہوتے اور ان کا احترام کرتے ہیں۔

اس اقدام نے مجھے افغانستان کی خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ مل کر ایک ایسے افغانستان کے لیے اپنا کام جاری رکھنے کی امید اور عزم سے معمور کر دیا ہے جو اپنی خواتین کے کردار کا اعتراف کرے اسے فروغ دے، اسے آگے بڑھائے اور اپنی لڑکیوں پر سرمایہ کاری کرے۔''

یہ لڑکیاں 'آئی او ایم' اور 'ایس او ایل اے' کے مابین ایک معاہدے کے بعد روانڈا آئی ہیں جس کے تحت ان کے محفوظ سفر کا انتظام اور اس کے طالبات کی منتقلی عمل میں آنی ہے جو پہلے ہی افغانستان سے باہر مقیم ہیں اور اپنے موجودہ ملک سے روانڈا میں 'ایس او ایل اے' کے کیمپس میں آ رہی ہیں۔

آئی او ایم مدد کرتا رہے گا

اب تک روانڈا پہنچنے والی طالبات کو آئی او ایم کے عملے نے مدد فراہم کی اور 'ایس او ایل اے' کے کیمپس میں پہنچایا۔

ان طالبات کے ساتھ جانے والے آئی او ایم کے عملے کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ ''یہ طالبات اپنے سکول کی جانب جاتے ہوئے بہت پرجوش تھیں۔ فضائی سفر کے دوران سب سے چھوٹی عمر کی لڑکی کو پائلٹ کی ٹوپی اور دھوپ کا چشمہ دیا گیا۔ وہ بے حد پرجوش اور خوش تھی۔ اس نے یہ ہیٹ پورے سفر کے دوران پہنے رکھا اور مجھے بتایا کہ وہ بڑی ہو کر پائلٹ بننا چاہتی ہے۔''

نئی طالبات 'ایس او ایل اے' میں اپنی ہم جماعت ساتھیوں کے ساتھ مل کر تعلیم حاصل کریں گی جن کا روانڈا کی حکومت نے اگست 2021 میں خیرمقدم کیا تھا۔آئی او ایم کا کہنا ہے کہ وہ مزید افغان طالبات کو 'ایس او ایل اے' آنے میں مدد دیتا رہے گا۔