انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اسرائیل سے الجزیرہ نیوز چینل پر پابندی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا دفتر جنیوا میں واقع ہے۔
UN Photo/Jean-Marc Ferré
انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا دفتر جنیوا میں واقع ہے۔

اسرائیل سے الجزیرہ نیوز چینل پر پابندی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر)نے اسرائیل میں الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کی نشریات بند کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے کہا ہے کہ وہ یہ فیصلہ واپس لے۔

'او ایچ سی ایچ آر' کا کہنا ہے کہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے آزاد صحافتی اداروں کی موجوگی ضروری ہے۔ اظہار رائے کی آزادی بنیادی انسانی حق ہے اور غزہ میں صحافیوں پر سخت پابندیوں کے پیش نظر اس کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

Tweet URL

رائے اور اظہار کی آزادی پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار آئرین خان بھی اسرائیل میں ناقدانہ آوازوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور حکومتی پالیسیوں کے ناقد اسرائیلی میڈیا کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔

گزشتہ دنوں یو این نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اسرائیلی حکام الجزیرہ پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جو اس وقت غزہ میں کام کرنے والا واحد بین الاقوامی ٹیلی ویژن چینل ہے۔ آئرین خان نے ایسے اقدامات کو آزادی اظہار اور دوران جنگ اطلاعات کے حصول کے حق کی پامالی قرار دیا تھا۔

صحافیوں کے لیے خطرناک حالات

3 مئی کو آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بھی غزہ میں صحافیوں کے کام پر پابندیوں اور انہیں لاحق خطرات کو تشویشناک قرار دیا تھا۔ 

اس دن پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں صحافیوں کی ہلاکتیں ہولناک ہیں۔ یہ صحافی اطلاعات دینے کے کام میں اپنی جان کے خطرات مول لے رہے ہیں اور انہیں بین الاقوامی قانون کے مطابق تحفظ ملنا چاہیے۔

فلسطینی صحافیوں کا اعزاز

اس دن پر غزہ میں تباہ کن جنگ کی خبریں دینے والے فلسطینی صحافیوں کو آزادی صحافت کے یونیسکو/گوئلرمو کینو اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ 

اس اعزاز کا فیصلہ کرنے والے بین الاقوامی مصنفین کے سربراہ موریسیو ویبل کا کہنا تھا کہ تاریکی اور ناامیدی کے ایام میں وہ ان فلسطینی صحافیوں کو یکجہتی کا پیغام دیتے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں جو غیرمعمولی حالات میں بھی اس بحران کے بارے میں اطلاعات فراہم کرتے آئے ہیں۔