انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پُرامن مستقبل کے لیے جوہری اسلحے کا خاتمہ ضروری: گوتریش

مظاہرین نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایٹمی اسلحہ کے پھیلاؤ کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔
© ICAN/Seth Shelden
مظاہرین نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایٹمی اسلحہ کے پھیلاؤ کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

پُرامن مستقبل کے لیے جوہری اسلحے کا خاتمہ ضروری: گوتریش

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ پُرامن مستقبل کا دارومدار جوہری خطرے کے خاتمے پر ہے جس کا واحد طریقہ جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ہے۔

جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے عالمی دن 26 ستمبر کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ارضی سیاسی بداعتمادی اور مسابقت نے جوہری جنگ کے خدشے کو سرد جنگ کے دور کی حد تک بڑھا دیا ہے۔

Tweet URL

جوہری ہتھیاروں کا استعمال، پھیلاؤ اور ان کے تجربات روکنے کے لیے کئی دہائیوں کی کڑی محنت کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو  گوتیرش نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ  اس سے حاصل ہونے والی کامیابی ضائع ہونے کا امکان ہے۔

جوہری اسلحہ استعمال نہ کرنے کا عہد کریں

انہوں نے کہا یہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں اور ان کے استعمال سے ہونے والی انسانی تباہی کے خطرے سے پاک کرنے کے لیے اپنے عزم کی توثیق کرنےکا دن ہے، اور جوہری اسلحہ رکھنے والے ممالک کو ان ہتھیاروں کا خاتمہ کرنے سے متعلق اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی اور یہ عہد کرنا ہو گا کہ وہ کسی بھی طرح کے حالات میں ان ہتھیاروں کو کبھی استعمال نہیں کریں گے۔ 

اقوام متحدہ کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ اس سلسلے میں جوہری اسلحے کی تخفیف اور اس کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے کو مضبوط کرنا اور اس مقصد کے لیے جوہری اسلحے کے عدم پھیلاؤ اور ایسے ہتھیاروں کے استعمال کی ممانعت سے متعلق معاہدوں سے کام لینا ہو گا۔ 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن ممالک نے جوہری تجربات پر پابندی کے جامع معاہدے کی تاحال توثیق نہیں کی وہ بلا تاخیر ایسا کریں اور جن ممالک کے پاس جوہری ہتھیار ہیں وہ ان کے تمام تجربات کا التوا یقینی بنائیں۔

نئی ٹیکنالوجی کے چیلنج

سیکرٹری جنرل نے رکن ممالک سے کہا کہ وہ تبدیل ہوتے جوہری نظم کا ادراک کریں، تزویراتی اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے مابین خفیف فرق سے لاحق خطرات پر قابو پائیں اور نئی و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے مابین تعلق سے لاحق خدشات کو رفع کریں۔ 

جوہری اسلحے کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ دنیا میں جاری تناؤ اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیں بات چیت، سفارت کاری اور مذاکرات کے سدابہار ذرائع سے کام لینا ہے۔ 

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے دنیا سے کہا کہ آئیے تباہی کے ان آلات کو ہمیشہ کے لیے تاریخ کے صفحات میں دفن کرنےکے لیے متحد ہو کر کام کریں۔