انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افغانستان: مشکلات کے باوجود کامیابی حاصل کرتی کاروباری خواتین

مشکلات کے مقابل افغان خواتین کی جرات اور مضبوطی ہمت اور امید کی متاثر کن داستان ہے۔
© UNICEF/Mark Naftalin
مشکلات کے مقابل افغان خواتین کی جرات اور مضبوطی ہمت اور امید کی متاثر کن داستان ہے۔

افغانستان: مشکلات کے باوجود کامیابی حاصل کرتی کاروباری خواتین

خواتین

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے بتایا ہے کہ مہیب مسائل کے باوجود افغانستان میں خواتین کے زیرقیادت چلنے والے کاروبار مضبوط ثابت ہوئے ہیں جن سے معاشی استحکام اور بہتر مستقبل کی امید پیدا ہو رہی ہے۔

'افغانستان کی کاروباری خواتین، ان کی جدوجہد اور مضبوطی' پر ادارے کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مستقبل کا دارومدار خواتین پر ہے اور انہیں دنیا کی جانب سے مدد کی ضرورت ہے۔

Tweet URL

گزشتہ تین سال کے دوران جمع کردہ معلومات پر مبنی یہ رپورٹ افغانستان میں کاروباری خواتین کے لیے بدلتے حالات کے بارے میں تفصیلی خبر دیتی ہے۔ ایشیا اور الکاہل کے لیے ادارے کی ریجنل ڈائریکٹر کانی وگناراجا نے بتایا ہے کہ ان خواتین نے انتہائی مشکل حالات میں غیرمعمولی مضبوطی، دلیری اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا ہے۔

بڑھتی ہوئی تفریق

'یو این ڈی پی' کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغانستان میں کاروباری خواتین کو اپنے کام میں بہت سی مشکلات اور بھاری اخراجات کا سامنا رہتا ہے۔ 

جائزے میں ایسی 3,000 سے زیادہ خواتین کے ساتھ بات چیت کی گئی جن میں سے 41 فیصد نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی تفریق، رکاوٹوں اور کمزور مالیاتی نظام کے باعث وہ مقروض ہو چکی ہیں۔ صرف پانچ فیصد خواتین نے بتایا کہ انہیں بینکوں یا چھوٹے پیمانے پر مالی مدد دینے والے اداروں سے قرضے ملے ہیں۔

تقریباً تین چوتھائی خواتین نے اپنی نقل و حرکت پر کڑی پابندیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محرم (خونی رشتہ دار مرد) کے بغیر مقامی بازاروں میں بھی نہیں جا سکتیں۔ 

مسائل پر قابو پانے کی جدوجہد

'یو این ڈی پی' اور اس کے شراکت داروں نے افغانستان میں 75 ہزار چھوٹے کاروباروں کو مدد فراہم کی ہے جس سے 9 لاکھ لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جن کی بدولت وہ اپنے گھرانوں کے لیے روزی کما رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جو خواتین کاروبار کرتی ہیں ان کے خاندانوں کی زندگی کا دارومدار اسی کام پر ہے۔ خواتین کے زیرقیادت 80 فیصد کاروباروں کی آمدنی سے ہی ان کے گھروں کا خرچ چلتا ہے۔ اس کےعلاوہ ایسے کاروباروں سے دیگر خواتین کے لیے بھی روزگار کے مواقع کھلتے ہیں جس کی انہیں اشد ضرورت ہوتی ہے۔ 

افغانستان میں کاروباری خواتین کو مدد دینے کی ضرورت اس لیے بھی ہے کہ ملک میں ایک کروڑ 58 لاکھ لوگ غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور کام کی عمر میں برسرروزگار خواتین کی تعداد گزشتہ برس صرف چھ فیصد رہ گئی ہے۔ تاہم خواتین ان مسائل پر قابو پانے کے طریقے ڈھونڈ رہی ہیں۔

ہمت اور امید کی داستان

افغانستان میں 'یو این ڈی پی' کے نمائندے سٹیفن روڈریگز نے کہا ہےکہ افغان گھرانوں کی بہبود اور مقامی معیشتوں کے استحکام میں خواتین کا طویل عرصہ سے بنیادی کردار رہا ہے۔ ادارہ انہیں حقوق اور سہولیات مہیا کرنے کی حمایت کرتے ہوئے خواتین پر سرمایہ کاری کے فوائد اجاگر کر رہا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ مشکلات کے مقابل افغان خواتین کی جرات اور مضبوطی ہمت اور امید کی متاثر کن داستان ہے اور انہیں عالمی برادری کی جانب سے مدد کی ضرورت ہے۔ افغانستان کے مستقبل کا دارومدار وہاں کی خواتین پر ہے اور یہ رپورٹ تفصیلی طور سے بتاتی ہے کہ ان کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے۔