انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این سلامتی کونسل میں پانچ نئے غیر مستقل ارکان کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔
UN photo /Loey Felipe
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا ایک منظر (فائل فوٹو)۔

یو این سلامتی کونسل میں پانچ نئے غیر مستقل ارکان کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کے امور

پانچ ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کا انتخاب منگل کو جنرل اسمبلی میں رائے شماری کے ذریعے عمل میں آیا۔

ان ممالک میں الجزائر، گیانا، جمہوریہ کوریا، سیرالیون اور سلوانیہ شامل ہیں جو عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے ذمہ دار اس ادارے کا حصہ بنیں گے۔ کونسل میں ان کی رکنیت کی دو سالہ مدت آئندہ برس جنوری میں شروع ہو گی۔

Tweet URL

کونسل میں گھوڑے کی نعل جیسی میز پر اس سال کے آخر میں خالی ہونے والی پانچ غیرمستقل نشستوں کے حصول کے لئے چھ ممالک مدمقابل تھے۔

نشست کا حصول

سلامتی کونسل 15 ارکان پر مشتمل ہے جن میں سے پانچ یعنی چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ اس کے مستقل رکن ہیں جنہیں کسی بھی قرارداد یا فیصلے کو ویٹو (مسترد) کرنے کا حق حاصل ہے۔

بقیہ 10 غیرمستقل ارکان کا انتخاب جنرل اسمبلی کے ذریعے عمل میں آتا ہے جس میں تمام 193 رکن ممالک شامل ہوتے ہیں۔ ان دس نشستوں میں جغرافیائی اعتبار سے دنیا کے تمام حصوں کو نمائندگی دی جاتی ہے۔

غیرمستقل ارکان کا انتخاب خفیہ ووٹ کے ذریعے ہوتا ہے اور جیتنے والے امیدوار کو دو تہائی یعنی 128 ووٹ ملنا ضروری ہیں خواہ ان کا انتخاب بلامقابلہ ہی کیوں نہ ہو۔

افریقہ اور ایشیائی الکاہل خطے کے لئے مختص تین نشستوں اور مشرقی یورپ اور لاطینی امریکہ و غرب الہند کے لئے ایک ایک نشست پر ہونے والی ووٹنگ میں 192 ممالک نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

مشرقی یورپ کے لئے ہونے والے مقابلے میں سلوانیہ نے بیلارس کو 38 کے مقابلے میں 153 ووٹ لے کر شکست دی جبکہ الجزائر، گنی، سیرالیون اور جمہوریہ کوریا کا انتخاب بلامقابلہ عمل میں آیا۔ 

خدمت کے لئے تیار

پانچوں نومنتخب ممالک سلامتی کونسل کے غیرمستقل ارکان کی حیثیت سے ایکواڈور، جاپان، مالٹا، موزمبیق اور سوئزرلینڈ کے ساتھ بیٹھیں گے۔

نئے ارکان البانیہ، برازیل، گیبون، گھانا اور متحدہ عرب امارات کی جگہ لیں گے جن کی کونسل میں رکنیت کی مدت 31 دسمبر 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔