انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پوپ بینیڈکٹ امن کے انتھک داعی تھے: گوتیرش کا خراج عقیدت

پوپ بینیڈکٹ 2008 میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے دورہ کے دوران اس وقت کے سیکرٹری جنرل بان کیمون کے ساتھ۔
UN Photo
پوپ بینیڈکٹ 2008 میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے دورہ کے دوران اس وقت کے سیکرٹری جنرل بان کیمون کے ساتھ۔

پوپ بینیڈکٹ امن کے انتھک داعی تھے: گوتیرش کا خراج عقیدت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پوپ ایمریٹس بینیڈکٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عبادت اور علم میں مصروف رہنے والی عاجزانہ شخصیت تھے جن کی وفات سے انہیں بے حد دکھ پہنچا ہے۔

سابق پوپ بینیڈکٹ XVI ہفتے کو 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ قریباً ایک دہائی پہلے انہوں نے خرابی صحت کے باعث کیتھولک چرچ کی سربراہی چھوڑ دی تھی۔

Tweet URL

انسانی حقوق کے محافظ

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ''وہ اپنے عقیدے میں بااصول، امن کی انتھک جستجو کرنے والے اور انسانی حقوق کے دفاع کے لیے پرعزم شخص ہونے کے ساتھ دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے روحانی رہنما اور ہمارے وقت کے ایک نمایاں ترین عالم دینیات تھے۔''

سابق کارڈینل اور بحیثیت پوپ بینیڈکٹ XVI کا نام اختیار کرنے والے جوزف ریٹزنگر 2005 میں پاپائیت کا منصب حاصل کرنے کے بعد چھ صدیوں میں استعفیٰ دینے والے پہلے پوپ تھے۔ ویٹی کن نے اعلان کیا ہے کہ ان کی آخری رسومات سینٹ پیٹر سکوائر میں ادا کی جائیں گی۔

ان کے جانشین پوپ فرانسس نے ویٹی کن میں نئے سال کی عبادت کے موقع پر بتایا کہ بینیڈکٹ کو محبت سے یاد رکھا جائے گا ''ہم دلی جذبے سے ان کی اعلیٰ اور مہربان شخصیت کو یاد کرتے ہیں اور ہمارے دل میں ان کے لیے بے حد عقیدت ہے۔''

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

گوتیرش نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق پوپ نے 2008 میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ''ایسے انداز میں عالمگیر تعلقات تعمیر کرنے کی اپیل کی جس سے تمام لوگوں کو یہ محسوس ہو کہ وہ مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔''

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ''دنیا میں ہر جگہ پسماندہ لوگوں سے یکجہتی کے لیے ان کی موثر پکار اور امیر و غریب کے مابین بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرنے کے لیے ان کی ہنگامی اپیل کی اہمیت اب پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔''

'عدم تشدد کے لیے پختہ عزم'

سیکرٹری جنرل نے کیتھولک عقیدے کے حامل تمام افراد اور دنیا بھر کے ان لوگوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے جنہوں نے عبادت اور عدم تشدد و امن کے لیے ان کے پختہ عزم سے تحریک پائی۔

پوپ بینیڈکٹ کے 2008 میں دورہ اقوام متحدہ کے دوران لی گئی ایک تصویر۔
UN Photo/Eskinder Debebe
پوپ بینیڈکٹ کے 2008 میں دورہ اقوام متحدہ کے دوران لی گئی ایک تصویر۔

اطلاعات کے مطابق بینیڈکٹ کی میت سوموار کو سینٹ پیٹر بیسیلیکا میں دفن کی جائے گی جس سے کیتھولک عقیدے کے پیروکاروں کو ان کے تابوت کا دیدار کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

بینیڈکٹ 1951 میں پادری بنے تھے اور 1977 میں انہیں میونخ اور فریزنگ کا آرچ بشپ مقرر کیا گیا۔ چار سال کے بعد انہوں نے ویٹی کن میں مذہبی احکامات کے نافذ کنندہ کا اہم کام سونپا گیا اور انہوں نے عقیدے کے نظریے کے لیے مذہبی پیشواؤں کے گروہ کی سربراہی کرتے ہوئے چرچ کا دفاع کیا۔

2013 میں انہوں ںے خرابی صحت کے باعث استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ''چرچ کی بہتری کے لیے'' آزادانہ طور سے کام کیا اور ویٹی کن میں ایک خانقاہ میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزارنے کے لیے ریٹائر ہو گئے۔