ایران جنگ: تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ کون بھگت رہا ہے؟
فروری میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے نتیجے میں آبنائے ہرمز بند ہوئی تو دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ تاہم اس اضافے کا بوجھ تمام ممالک پر یکساں نہیں پڑا بلکہ ترقی پذیر معیشتیں اس سے کہیں زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی (انکٹاڈ) کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ فروری کے اواخر سے اگست کے اختتام تک نائجیریا میں ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 83 فیصد اضافہ ہوا جبکہ آئرلینڈ میں یہ اضافہ صرف 9 فیصد رہا۔ میانمار میں پیٹرول تقریباً 51 فیصد مہنگا ہوا جبکہ سویڈن میں اس کی قیمت میں صرف 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس فرق کی ایک بڑی وجہ ہر ملک کے مقامی حالات ہیں۔ ٹیکسوں، امدادی قیمتوں، قیمتوں کے تعین کے حکومتی نظام اور کرنسی کی شرح تبادلہ جیسے عوامل طے کرتے ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کا اثر عام صارفین تک کس حد تک پہنچتا ہے۔
جنگ اور تیل کی قیمتیں
دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتوں کا اہم پیمانہ سمجھے جانے والے برینٹ کروڈ کی قیمت جنوری میں تقریباً 70 ڈالر فی بیرل تھی جو مارچ میں بڑھ کر 120 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ اس کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز کا بند ہونا تھی جہاں سے دنیا کے تیل کی مجموعی سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ اس اہم تجارتی گزرگاہ کے بند ہونے سے عالمی منڈیوں میں شدید بے یقینی نے جنم لیا۔
رپورٹ کے مطابق، اپریل سے جون کے دوران سفارتی مذاکرات میں پیش رفت کے باعث تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی تاہم مذاکرات ناکام ہونے اور دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد قیمتیں پھر بڑھنے لگیں۔
مستقبل کے سودوں سے متعلق اشاریے بتاتے ہیں کہ سال کے اختتام تک تیل مہنگا رہنے کا امکان ہے جس کے باعث کاروباری اداروں اور گھریلو صارفین کو ایندھن اور ٹرانسپورٹ کے بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑ سکتے ہیں۔
قوت خرید میں کمی
ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف گاڑیوں میں پیٹرول یا ڈیزل استعمال کرنے والوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس سے مجموعی طور پر زندگی گزارنے کے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
ڈیزل مہنگا ہونے سے اشیا کی نقل و حمل پر لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں ان اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
ترقی پذیر معیشتوں سے متعلق ایک گزشتہ تحقیق کے مطابق، اگر فی لیٹر ایندھن کی قیمت میں 25 سینٹ اضافہ ہو تو گھرانوں کی قوت خرید میں اوسطاً 5 فیصد سے زیادہ کمی آ سکتی ہے۔
درآمدی ممالک کو دھچکا
انکٹاڈ کے مطابق، تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے سے وہ معیشتیں خاص طور پر متاثر ہوتی ہیں جو اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کرتی ہیں کیونکہ اب انہیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔
بعض ممالک کے لیے ایندھن کی درآمد پہلے ہی معیشت پر بھاری بوجھ ہے۔ 2023 میں اس مقصد کے لیے ہونے والے اخراجات میں سے برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدن منہا کرنے کے بعد باقی رقم کابو ورڈے کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے ایک چوتھائی اور لبنان کی جی ڈی پی کے تقریباً پانچویں حصے کے برابر تھی۔
ایندھن کی درآمد پر زیادہ رقم خرچ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ خوراک، ادویات اور مشینری سمیت دیگر ضروری اشیا کی درآمد کے لیے کم وسائل باقی بچتے ہیں۔ انکٹاڈ کے مطابق پہلے ہی بجٹ کے دباؤ کا شکار حکومتوں کے لیے ایسے حالات میں عوام کو بڑھتی مہنگائی سے بچانا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
سستی قابل تجدید توانائی
انکٹاڈ نے اس رپورٹ میں آئندہ ایسے عالمی بحرانوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے توانائی کے ذرائع متنوع بنانے اور کم لاگت قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا ہے۔
ہوا اور شمسی توانائی جیسے قابل تجدید ذرائع جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے بحرانوں سے متاثر نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کے ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
ادارے نے یہ نشاندہی بھی کی ہے کہ 90 فیصد سے زیادہ صورتوں میں قابل تجدید توانائی کے ذرائع حیاتیاتی ایندھن سے متعلق نئے منصوبوں کے ذریعے حاصل ہونے والی توانائی کے مقابلے میں کہیں سستے ہیں۔