دنیا بڑھتی عالمی حدت سے مطابقت کے لیے تیار نہیں، یونیپ کا انتباہ
عالمی حدت متواتر بڑھنے کے نتیجے میں کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد عبور کرنے والا ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور متاثرہ آبادیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فراہم کی جانے والی مالی مدد ضروریات سے کہیں کم ہے۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یونیپ) کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات میں کمی لانے اور ان کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے 2035 تک سالانہ 305 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ لیکن موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر عالمی سطح پر حکومتوں کی جانب سے کی جانے والی مالی معاونت میں تین گنا اضافہ ہو جائے تو تب بھی زیادہ سے زیادہ 29 فیصد ضروریات ہی پوری ہو سکیں گی۔
یونیپ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے خبردار کیا ہے کہ دنیا موجودہ موسمیاتی حالات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں ہے جبکہ زمین کے درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری کی حد سے تجاوز کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا مقابلہ کرنا اور بھی مشکل ہو جائے گا۔
سست رو مالی معاونت
یہ رپورٹ آئندہ ہفتے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں شروع ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس کاپ 31 سے قبل جاری کی گئی ہے۔ اس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ:
- ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد دینے کی عالمی کوششوں کے لیے مطلوبہ وسائل دستیاب نہیں ہیں۔
- ادارہ جاتی رکاوٹیں عملی اقدامات کی راہ میں حائل ہیں۔
- جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصانات اور تباہی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 2024 میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے عالمی سطح پر سرکاری مالی معاونت 28 ارب 20 کروڑ سے 31 ارب 70 کروڑ ڈالر کے درمیان رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں محض ایک ارب ڈالر زیادہ تھی۔ 305 ارب ڈالر کے تخمینے میں نجی شعبے کی مالی ضروریات شامل نہیں جس کے باعث مجموعی ضرورت دو گنا زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
گلاسگو معاہدے کا ہدف
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سالانہ مالی معاونت تین گنا تک بڑھانے کا مطالبہ گزشتہ سال برازیل میں ہونے والی عالمی موسمیاتی کانفرنس میں طے پایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، اگر یہ ہدف حاصل کر لیا جائے تو تب بھی سالانہ 85 سے 120 ارب ڈالر کی متوقع مالی معاونت مجموعی ضروریات کا صرف 20 سے 29 فیصد پورا کر سکے گی۔
انگر اینڈرسن نے کہا ہے کہ کاپ 31 اور اس کے بعد بھی رکن ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے مالی معاونت 2035 تک تین گنا بڑھانے کی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ زندگیاں بچانے، نقصانات اور تباہی سے بچنے اور معیشتوں کو تحفظ دینے کے لیے اس سے بھی زیادہ مالی وسائل درکار ہوں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کثیرالفریقی ترقیاتی بینکوں نے موسمیاتی مالی معاونت میں نمایاں اضافہ کیا ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک کے درمیان بھی مالی معاونت کا تبادلہ بڑھا ہے۔ یہ معاونت 2019 میں 3 ارب 80 کروڑ ڈالر تھی، جو 2024 میں بڑھ کر 9 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔
رکن ممالک اب بھی 2021 کے گلاسگو موسمیاتی معاہدے کے تحت 2025 تک مالی معاونت کو 2019 کی سطح کے مقابلے میں دو گنا بڑھا کر 40 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔