انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افغان بچوں کے لیے تعلیمی مواقع مسلسل محدود ہو رہے ہیں، یو این ادارے

افغان لڑکی مرضیہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں طورخم بارڈر کراسنگ پر ایک سرخ سوٹ کیس لیے کھڑی ہے۔
© UNICEF/Mark Naftalin لڑکیوں کی ثانوی و اعلیٰ تعلیم پر پابندی برقرار رہی تو 40 لاکھ سے زیادہ لڑکیاں پرائمری درجے سے آگے تعلیم حاصل کرنے کے حق سے محروم رہ جائیں گی۔

افغان بچوں کے لیے تعلیمی مواقع مسلسل محدود ہو رہے ہیں، یو این ادارے

ثقافت اور تعلیم

افغانستان میں پرائمری سکول جانے کی عمر کے نصف سے زیادہ بچے باقاعدہ تعلیمی نظام سے باہر ہیں جبکہ لاکھوں لڑکیوں کے لیے ثانوی اور یونیورسٹی کے درجے میں تعلیم حاصل کرنا خواب بن کر رہ گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ سائنس، تعلیم و ثقافت (یونیسکو) اور ادارہ برائے اطفال (یونیسف)  کی جانب سے افغانستان کی تعلیمی صورتحال سے متعلق جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال ملک کا تعلیمی منظرنامہ سیکھنے کے مواقع کی بڑھتی طلب اور اس کو پورا کرنے کے لیے تعلیمی نظام کی محدود صلاحیت میں بڑھتے ہوئے فرق کی عکاسی کرتا ہے۔

Tweet URL

2019 میں سات سے 18 سال کی عمر کے بچوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ چار لاکھ تھی جو 2024 میں بڑھ کر ایک کروڑ 15 لاکھ ہو گئی۔ اس اضافے نے پہلے ہی دباؤ کا شکار سکولوں، اساتذہ اور تعلیمی سہولیات پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

سلامتی کے مخدوش حالات، ہنگامی انسانی صورتحال، تعلیم کے شعبے میں ناکافی سرمایہ کاری اور پاکستان و ایران سے افغان شہریوں کی بڑی تعداد میں واپسی نے بھی مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ رواں سال ہی 10 لاکھ سے زیادہ افغان شہری مہاجرت ترک کر کے ملک واپس آئے جن میں دو لاکھ 45 ہزار سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔

تعلیمی مواقع اور صنفی تفریق

رپورٹ کے مطابق، افغانستان میں تعلیم تک رسائی سخت عدم مساوات کا شکار ہے۔ اگست 2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد 26 لاکھ سے زیادہ لڑکیوں کو سکول جانے سے روک دیا گیا ہے۔

نوعمر لڑکیوں کے لیے تعلیم حاصل کرنے کے جو محدود مواقع باقی رہ گئے ہیں ان میں مقامی آبادی کی سطح پر تعلیمی مراکز، خواندگی اور ہنرمندی کے پروگرام اور فاصلاتی و ڈیجیٹل تعلیم کے ساتھ نجی ٹیوشن بھی شامل ہیں۔ تاہم یہ سہولیات ان کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہرگز کافی نہیں۔

مقامی سطح پر چلائی جانے والی پانچ ہزار سے زیادہ کلاسوں میں ایک لاکھ 62 ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں جن میں 64 فیصد لڑکیاں ہیں۔ سکولوں میں لڑکوں کے داخلوں میں بھی کمی آئی ہے اور پرائمری سکول جانے کی عمر کے تقریباً 53 فیصد بچے باقاعدہ تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔ یہ کمی مڈل اور ہائی سکول کی سطح پر بھی دیکھی گئی ہے جہاں تعلیم حاصل کرنے کی عمر کے بالترتیب 67 اور 79 فیصد لڑکے ہی زیرتدریس ہیں۔

نجی، مذہبی اور متبادل تعلیمی اداروں سے متعلق نامکمل معلومات کی نشاندہی کرتے ہوئے رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ پرائمری سے ثانوی اور اعلیٰ تعلیم، فنی تربیت اور روزگار تک رسائی کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

حصول تعلیم کا عزم برقرار

تعلیمی نظام کو درپیش متعدد مشکلات کے باوجود افغان خاندان اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال سرکاری پرائمری سکولوں میں تقریباً 66 لاکھ بچوں نے داخلہ لیا جو 2022 کے مقابلے میں تقریباً پانچ لاکھ 60 ہزار بڑی تعداد ہے۔ تاہم داخلوں میں اضافے کی رفتار آبادی میں اضافے کے تناسب سے کم ہے۔

رپورٹ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور اساتذہ کے علاوہ کمرہ ہائے جماعت میں درکار تعلیمی مواد پر سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ملک گیر جائزے سے سامنے آیا ہے کہ چوتھی جماعت میں آٹھ سے نو سال کی عمر کے نصف سے بھی کم طلبہ زبان دانی میں سیکھنے کی کم از کم مطلوبہ صلاحیت حاصل کر سکے ہیں۔

خواتین پر یونیورسٹی کی تعلیم کے دروازے بند ہونے کے باعث افغانستان کا اعلیٰ تعلیمی شعبہ بھی 2021 کے مقابلے میں نمایاں طور پر سکڑ گیا ہے۔ رواں سال یونیورسٹیوں میں تقریباً دو لاکھ آٹھ ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں جبکہ 2024 میں یہ تعداد ایک لاکھ 89 ہزار تھی جو 2020 کے تقریباً چار لاکھ 30 ہزار طلبہ کے مقابلے میں اب بھی بہت کم ہے۔

دونوں اداروں نے افغان لڑکیوں اور خواتین کے لیے تعلیم کا بنیادی حق مکمل طور پر بحال کرنے اور تعلیمی معیار کو متاثر کرنے والی تمام رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔