یمن جنگ میں خواتین و لڑکیوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ
اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں حالیہ لڑائی کے شدید اضافے نے خواتین اور بچیوں کو غیرمعمولی خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جن میں کم عمری کی جبری شادیاں، جنسی تشدد، استحصال اور زچگی کے دوران جان لیوا مشکلات شامل ہیں۔
یمن میں یو این ایف پی اے کے نمائندے فرانسسکو گالتیئری نے صحافیوں کو بتایا کہ 14 سالہ صفا کی کہانی ان مشکل حالات کی عکاسی کرتی ہے جن کا سامنا جنگ زدہ خاندانوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔ صفا کی والدہ رواں سال وفات پا گئیں اور اس کے کوئی بہن بھائی نہیں ہیں۔ حالیہ بحران کے دوران اس کے والد نے اس خدشے کے تحت کہ اگر وہ لڑائی میں مارے گئے تو بچی کی حفاظت کرنے والا کوئی نہیں ہوگا، اس کی شادی ایک معمر شخص سے کر دی۔
گالتیئری کے مطابق یہ واقعہ ان مشکل فیصلوں کی مثال ہے جو بہت سے خاندان جنگ کے دوران کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ ان کے تباہ کن اثرات خصوصاً لڑکیوں کو برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
یمن کے بعض علاقوں میں لڑائی 2020 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ مغربی ساحلی علاقوں اور تعز سے تقریباً تین لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں جن میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ بے گھر ہونے والے ایک تہائی سے زیادہ خاندانوں کی سربراہی خواتین کر رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق نقل مکانی کے مراکز میں خواتین اور لڑکیوں کو جنسی تشدد، ہراسانی، استحصال اور جبری و کم عمری کی شادیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے، جس سے ان کی ذہنی اور نفسیاتی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔
تعز شہر میں دائیوں کا کہنا ہے کہ شدید غذائی قلت کا شکار بہت سی حاملہ خواتین روزانہ صرف ایک یا دو معمولی وقت کا کھانا کھا رہی ہیں، جس میں اکثر صرف چائے، روٹی یا سادہ چاول شامل ہوتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں اسقاط حمل کے واقعات بڑھ رہے ہیں جبکہ زیادہ خواتین غیر محفوظ حالات میں گھروں پر بچوں کو جنم دینے پر مجبور ہیں۔
ہزاروں بے گھر حاملہ خواتین
تعز کے علاقے میں 13 ہزار سے زائد حاملہ خواتین موجود ہیں جن میں سے تقریباً 6,400 بے گھر ہو چکی ہیں۔ یو این ایف پی اے کے اندازے کے مطابق ان میں سے تقریباً 1,500 خواتین کو زچگی کے دوران ہنگامی طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہو سکتا ہے، جن کی ایک وجہ حاملہ حالت میں طویل فاصلے طے کر کے محفوظ مقامات تک پہنچنے کی کوشش بھی ہے۔
تعز کا مرکزی زچہ و بچہ ہسپتال بھی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ روزانہ ولادتوں کی تعداد تقریباً نصف رہ گئی ہے جبکہ ایندھن کی قلت کے باعث قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے لیے دستیاب انکیوبیٹر کی تعداد 40 سے کم ہو کر 10 رہ گئی ہے۔ سلامتی کی خراب صورتحال اور گولہ باری کے باعث رات کے وقت مریضوں کا داخلہ تقریباً بند ہو چکا ہے۔
گالتیئری نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ چند دنوں میں رسائی پر عائد پابندیاں ختم نہ کی گئیں تو ہسپتال بند ہو سکتا ہے۔ تعز میں زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی ہنگامی دیکھ بھال کے لیے مختص 27 مراکز میں سے صرف پانچ جزوی طور پر فعال ہیں۔
خواتین کی ان سنی آوازیں
اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں حالیہ کشیدگی سے پہلے بھی روزانہ اوسطاً تین خواتین زچگی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی تھیں اور ملک میں عرب خطے کی بلند ترین شرحِ امواتِ زچگی پائی جاتی ہے۔
یو این ایف پی اے اور اس کے شراکت دار متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 129 کمیونٹی دائیاں حاملہ خواتین تک پہنچ رہی ہیں جبکہ پانچ موبائل ٹیمیں تولیدی صحت اور تحفظ کی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
گالتیئری نے زور دیا کہ جنگ کے دوران خواتین اور بچیوں کی ضروریات اکثر نظرانداز کر دی جاتی ہیں اور ان کی آوازیں جنگ کے اعدادوشمار کے پیچھے دب جاتی ہیں جبکہ انہیں فوری توجہ اور حمایت کی ضرورت ہے۔