دنیا کے چار میں سے تین افراد کو اب انٹرنیٹ تک رسائی حاصل، آئی ٹی یو
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) نے بتایا ہے کہ خشکی میں گھرے اور چھوٹے جزائر پر مشتمل ترقی پذیر ممالک میں پہلی مرتبہ موبائل انٹرنیٹ کی سہولت لوگوں کی پہنچ میں آ گئی ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ نئی رپورٹ کےمطابق، ان ممالک میں موبائل ڈیٹا کے بنیادی پیکیج کی درمیانی قیمت لوگوں کی اوسط آمدن کے 2 فیصد کی بین الاقوامی طور پر طے شدہ حد سے بھی کم ہو گئی ہے۔
'آئی ٹی یو' کی سیکرٹری جنرل ڈورین بوگڈان مارٹن کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے اس دور میں انٹرنیٹ سے محروم رہنے کا مطلب تعلیم سے لے کر روزگار تک بے شمار مواقع سے محروم ہو جانا ہے۔
رواں سال دنیا کی 76 فیصد آبادی یا تقریباً 6 ارب 30 کروڑ افراد انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں جبکہ 2025 میں یہ تعداد 6 ارب 10 کروڑ تھی۔ تاہم، اب بھی دنیا کے 2 ارب افراد انٹرنیٹ سے محروم ہیں۔
قیمت اور رفتار میں فرق برقرار
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کم ترین ترقی یافتہ ممالک میں انٹرنیٹ کی قیمتیں اب بھی بہت زیادہ ہیں، جہاں بنیادی موبائل ڈیٹا پیکیج کی لاگت اوسط آمدن کے 6.1 فیصد کے برابر ہے۔ دنیا کی 30 فیصد معیشتیں ایسی ہیں جو موبائل اور فکسڈ براڈ بینڈ، دونوں میں سے کسی ایک کے لیے بھی مقررہ عالمی ہدف پورا نہیں کر سکیں۔
انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں بھی نمایاں فرق موجود ہے۔ زیادہ آمدن والے ممالک میں 86 فیصد آبادی کو فائیو جی نیٹ ورک تک رسائی حاصل ہے جبکہ کم آمدن والے ممالک میں یہ شرح محض 4 فیصد ہے۔
ان ممالک میں موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ایک صارف اوسطاً ماہانہ 3.4 جی بی ڈیٹا استعمال کرتا ہے، جو خوشحال ممالک کے صارفین کے مقابلے میں تقریباً چھ گنا کم ہے۔
ڈورین بوگڈان مارٹن کا کہنا ہے کہ اب پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے کہ انٹرنیٹ کی رسائی کو بڑھایا اور یقینی بنایا جائے کہ ہر جگہ ہر فرد اس سہولت سے حقیقی طور پرفائدہ لے سکے۔