عالمی عدالت انصاف: پانچ نئے ججوں کے انتخاب کے لیے یو این میں ووٹنگ
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل نے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں برطانیہ، فرانس، اردن اور سنگاپور سے تعلق رکھنے والے چار نئے ججوں کا انتخاب کر لیا ہے۔ نومنتخب جج 6 فروری 2027 سے نو سالہ مدت کے لیے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پانچ نشستوں کے لیے نو امیدواروں میں برطانیہ کے ڈیپو اکاندے، فرانس کے فرانسوا آلابرون، اردن کے محمود ضیف اللہ حمود، پیرو کی لوز ڈیل کارمین ایبانیز کارانزا، سیرا لیون کے چارلس چرنور جالو، سنگاپور کی رینا لی، کینیا کی فوبی اوکووا، جنوبی کوریا کے جن ہیون پائیک اور ایکواڈور کے مارسیلو وازکیز برمودیز شامل تھے۔
ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں ڈیپو اکاندے، فرانسوا آلابرون، محمود ضیف اللہ حمود اور رینا لی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل دونوں میں مطلوبہ تعداد میں ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ پانچویں اور آخری خالی نشست پر ایک امیدوار کے انتخاب کے لیے جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔
موجودہ امیدواروں میں محمود حمود اور فوبی اوکووا پہلے ہی عدالت میں جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ دونوں کو بالترتیب مئی اور نومبر 2025 میں خالی نشستوں پر منتخب کیا گیا تھا۔ ان کے عہدوں کی مدت 5 فروری 2027 کو ختم ہو گی۔
عدالت کے ان تینون ججوں نے دوبارہ انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جن کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ ان میں برازیل کے لیونارڈو نیمر کالڈیرا برانٹ، فرانس کے رونی ابراہام اور انڈیا کے دلویر بھنڈاری شامل ہیں۔
'آئی سی جے' کا انتخابی طریقہ کار
'آئی سی جے' اقوام متحدہ کا بنیادی عدالتی ادارہ ہے، جس کا صدر دفتر نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع ہے۔ عدالت رکن ممالک کے درمیان قانونی تنازعات پر فیصلہ کرتی اور اقوام متحدہ کے اداروں کی جانب سے بھیجے گئے قانونی سوالات پر مشاورتی آرا دیتی ہے۔
عدالت 15 ججوں پر مشتمل ہے جنہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل الگ الگ لیکن بیک وقت ووٹنگ کے ذریعے نو سال کے لیے منتخب کرتی ہیں۔
عدالت میں بیک وقت کسی ایک ملک کے دو جج نہیں ہو سکتے۔ ہر تین سال بعد ایک تہائی نشستوں کے لیے انتخابات ہوتے ہیں جبکہ سبکدوش ہونے والے جج بھی دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے کے اہل ہوتے ہیں۔ 'آئی سی جے' کے جج اپنے ملک کی حکومتوں کے نمائندے نہیں ہوتے بلکہ آزاد حیثیت میں عدالتی فرائض انجام دیتے ہیں۔
انتخاب میں کامیابی کے لیے کسی امیدوار کے لیے جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل، دونوں میں مطلق اکثریت حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ امیدوار کو سلامتی کونسل میں کم از کم آٹھ اور جنرل اسمبلی میں 97 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
اگر کسی ایک ادارے میں پانچ سے زیادہ امیدوار مطلق اکثریت حاصل کر لیں تو ووٹنگ کا عمل اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے والے امیدواروں کی تعداد پانچ تک محدود نہ ہو جائے۔
'آئی سی جے' کے ججوں کے انتخاب میں سلامتی کونسل کے تمام ارکان کے ووٹ برابر اہمیت رکھتے ہیں اور اس عمل میں کسی مستقل رکن کا ویٹو کا اختیار لاگو نہیں ہوتا۔