یوکرین جنگ: سکولوں پر 2000 حملے، بچے زیر زمین تعلیم پر مجبور
عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) نے بتایا ہے کہ فروری 2022 سے اب تک یوکرین میں تعلیمی اداروں پر تقریباً دو ہزار حملے ہو چکے ہیں جن میں سے 270 رواں سال کیے گئے۔
یونیسف کے ترجمان ریکارڈو پیریز نے کہا ہے کہ رواں تعلیمی سال کے آغاز سے 20 اکتوبر تک بچوں کو سکول کے اوقات میں روسی فضائی حملوں کے خطرے کے باعث اوسطاً 34 گھنٹے تک سائرن کی گونج میں رہنا پڑا۔ یہ دورانیہ تدریسی اوقات کے 13 فیصد سے بھی زیادہ ہے جبکہ بعض علاقوں میں فضائی حملوں کے انتباہ کے دورانیے 60 گھنٹے سے تجاوز کر چکے ہیں۔
سوموار کو ژیپوریژیا میں ایک سکول اور عارضی پناہ گاہ پر حملے میں کم از کم 29 شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ ملک میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھیاس شمل کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر لوگ امداد لینے کے لیے ایک سکول میں آئے تھے۔
اسی مقام پر بعد میں ہونے والے مزید حملوں میں دو امدادی کارکن اور پہلے حملے کے متاثرین کی مدد کے لیے پہنچنے والے پولیس کے چار اہلکار بھی ہلاک ہو گئے جبکہ 50 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
زیر زمین تعلیم
یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں فضائی حملوں کے انتباہ کی تعداد ستمبر 2025 میں 12 تھی جو رواں سال ستمبر میں بڑھ کر 71 ہو گئی۔
ریکارڈو پیریز نے ایک ماہ قبل یوکرین کا دورہ کیا تھا جس کے بارے میں انہوں نے بتایا ہے کہ اس دوران ان کی ملاقات ایسے بچوں سے بھی ہوئی جو زیر زمین رہ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ اگرچہ سکولوں میں بنائی گئی زیر زمین پناہ گاہیں بچوں کو کسی حد تک تحفظ فراہم کرتی ہیں لیکن وہاں بھی انہیں مسلسل فضائی حملوں کے سائرن سننا پڑتے ہیں۔
ان حالات میں بچے بے چینی کا شکار رہتے ہیں جنہوں نے بتایا کہ وہ اپنی توجہ مکمل طور پر پڑھائی پر مرکوز نہیں کر پاتے اور نہ ہی جنگی صورتحال کو اپنے ذہن سے نکال پاتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے عالمی فنڈ برائے تعلیم 'ایجوکیشن کین ناٹ ویٹ' کی سربراہ میسا جیبوت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بچوں پر جنگوں کے انتہائی گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ادارے کو بچوں کی نفسیاتی اور سماجی بحالی کے لیے مشاورت کی خدمات پر زیادہ وسائل خرچ کرنا پڑ رہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے تعلیم و تدریس کے لیے مختص وسائل میں بھی کمی کرنا پڑی ہے تاکہ بچوں کو انتہائی مشکل حالات میں تعلیم جاری رکھنے اور اس دوران پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے قابل بنایا جا سکے۔