کاپ 17: قدرتی ماحول کے تحفظ پر ’یریوان لائحہ عمل‘ پر اتفاق رائے
آرمینیا میں منعقدہ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے حیاتیاتی تنوع (کاپ 17) میں رکن ممالک نے قدرتی ماحول کو تحفظ دینے کے لیے تیزرفتار اقدامات سے متعلق ایک نئے لائحہ عمل پر اتفاق کر لیا ہے۔
کانفرنس کے اختتامی روز منظور کیے جانے والے 'یریوان پاتھ وے' کا مقصد حیاتیاتی تنوع کے لیے 'کنمنگ مانٹریال فریم ورک' میں مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے کی غرض سے آئندہ چار سال کے لیے ترجیحی اقدامات کا تعین کرنا ہے۔
نئے لائحہ عمل میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایسی امدادی قیمتوں (سبسڈی) اور مالی مراعات کا خاتمہ کریں جو قدرتی ماحول کو نقصان پہنچاتی ہیں جبکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے مالی، سائنسی اور تکنیکی معاونت میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ حیاتیاتی تنوع کو تحفظ دے سکیں۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رکن ممالک اپنے قومی بجٹ اور معاشی فیصلوں کو حیاتیاتی تنوع کے عالمی فریم ورک سے ہم آہنگ کریں اور اس مسئلے پر نگرانی و اطلاع کاری کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔
کانفرنس کے موقع پر کنونشن برائے حیاتیاتی تنوع (سی بی ڈی) کی ایگزیکٹو سیکرٹری آسٹرڈ شومیکر نے کہا کہ فطرت کا تحفظ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس کی تباہی کا سبب بننے والی سرگرمیوں کو مالی معاونت فراہم ہوتی رہےگی۔
50 فیصلوں کی منظوری
اس کانفرنس میں رکن ممالک نے تقریباً 50 فیصلوں کی منظوری دی جو محفوظ قدرتی علاقوں اور جنگلات، جنگلی حیات کے انتظام، سمندری و ساحلی حیاتیاتی تنوع اور مصنوعی حیاتیات سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں۔
طویل اور کڑی بات چیت کے بعد شرکا نے سات نکاتی رہنمائی پر بھی اتفاق کیا۔
ان رہنما اصولوں کے تحت ایک نئے مستقل ادارے کے قیام اور اس کے طریقہ کار کا تعین بھی کیا گیا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر حیاتیاتی تنوع سے متعلق پالیسی سازی میں مقامی و قدیمی مقامی لوگوں کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔
حیاتیاتی تنوع کے لیے مالی معاونت
کانفرنس کے دوران حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے تقریباً دو ارب ڈالر کی نئی مالی معاونت کا اعلان کیا گیا۔ اس میں گلوبل انوائرنمنٹ فیسیلٹی کے تازہ ترین مالیاتی پیکیج کے تحت 56 کروڑ ڈالر اور سپیشیز ریکوری الائنس کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر کی فراہمی شامل ہے۔
علاوہ ازیں، ویلیو نیچر فنڈ کے لیے 33 کروڑ ڈالر مختص کیے جا رہے ہیں جس کا مقصد قدرتی ماحول کے تحفظ کے منصوبوں میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
دیگر اقدامات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ایک نئے بانڈ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مرکز کا اجرا بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ حیاتیاتی تنوع کی نگرانی اور احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئے پیمانے اور اشاریے بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
مفاہمت اور تعاون کا جذبہ
کانفرنس کے اختتام پر اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یونیپ) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے کہا کہ کاپ 17 نے ثابت کیا ہے کہ ماحولیاتی مسائل پر عالمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کا عمل کامیاب ہو سکتا ہے۔ رکن ممالک نے مل بیٹھ کر مفاہمت کا راستہ اختیار کیا اور ایسے اہم فیصلوں پر اتفاق کیا جو انسانوں اور کرہ ارض کے لیے حقیقی پیش رفت کا ذریعہ بنیں گے۔
حیاتیاتی تنوع پر آئندہ کانفرنس (کاپ 18) ایکواڈور میں منعقد ہوگی جب اس معاملے میں مقررہ اہداف کے حصول کے لیے صرف دو سال باقی رہ جائیں گے۔ آسٹرڈ شوماکر نے خبردار کیا کہ اصل امتحان حالیہ کانفرنس میں کیے گئے حکومتوں کے وعدے نہیں بلکہ وہ عملی اقدامات ہوں گے جو تمام حکومتیں اپنے ممالک میں واپس جا کر کریں گی۔