انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مینورسو مینڈیٹ کا خاتمہ لیکن اقوام متحدہ امن کوششوں میں مدد کو تیار

UN تین امن فوجی صحرائی منظر نامے میں UXO نشان زد کرنے کی عملی تربیت کے لیے تیاری کر رہے ہیں، جس کے پس منظر میں UN گاڑیاں ہیں۔
UN Photo/Martine Perret مینورسو 1991 سے مغربی صحارا خطے میں قیام امن کے لیے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

مینورسو مینڈیٹ کا خاتمہ لیکن اقوام متحدہ امن کوششوں میں مدد کو تیار

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ ادارہ مغربی صحارا کے مسئلے کے ایسے منصفانہ، دیرپا اور تمام فریقین کے لیے قابل قبول سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے جس کے نتیجے میں وہاں کے عوام کو حق خود ارادیت حاصل ہو سکے۔

سیکرٹری جنرل کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب اقوام متحدہ کا امن مشن اس علاقے سے اپنی سرگرمیاں سمیٹ رہا ہے۔ بیان میں تمام فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مغربی صحارا کے عوام کے حقوق کا احترام کریں اور ان کے تحفظ و فروغ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مشن برائے ریفرنڈم مغربی صحارا (مینورسو) کی واپسی سے خطے کے عوام کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت ختم نہیں ہو گا۔ 

یاد رہے کہ، سلامتی کونسل میں مشن کے مستقبل کے حوالے سے اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد اس کی ذمہ داریاں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ختم ہو گئی ہیں۔ امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے کو روس نے ویٹو کردیا جبکہ روس کی متبادل قرارداد کو سلامتی کونسل کے مطلوبہ نو ووٹ حاصل نہ ہو سکے۔

اگرچہ مشن کی کارروائیاں اب ختم ہوچکی ہیں تاہم سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے سٹیفن ڈی مستورا کے ذریعے تنازع کے پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

مشن کی منظم واپسی

سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں 1991 سے اب تک جنگ بندی کی نگرانی اور سیاسی حل کی راہ ہموار کرنے میں مشن کے کلیدی کردار کو سراہا۔

انہوں نے مشن کے تمام اہلکاروں، بالخصوص مغربی صحارا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے الیگزینڈر ایوانکو کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے 2020ء میں دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد نہایت مشکل دور میں مشن کی قیادت کی۔

سیکرٹری جنرل نے مشن کے 35 سالہ دورانیے میں اپنی جانیں گنوانے والے مینورسو کے 20 اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

اس مشن میں 35 سے زیادہ ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 ملازمین، فوجی مبصرین اور سٹاف افسران خدمات انجام دے رہے تھے اور بارودی سرنگوں سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی یونٹ بھی موجود تھا۔

اتوار سے مشن کو بند کرنے اور اس کے اثاثوں کی منتقلی کا عمل منظم طور سے شروع ہوگیا ہے۔ اقوام متحدہ کے محکمہ برائے عملی معاون (ڈی او ایس) کے تحت کام کرنے والی ایک مختصر ٹیم ادارے کے سازوسامان اور دیگر اثاثوں کی منتقلی اور تصفیے کی نگرانی کرے گی۔

انتونیو گوتیرش نے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عمل میں مکمل تعاون کریں تاکہ اسے منظم انداز میں جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے خطے میں سلامتی کی صورتحال اور کشیدگی میں اضافے کے باعث دوبارہ مسلح جھڑپیں شروع ہونے کے خدشے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سلامتی کونسل میں اختلافات

جمعہ کو سلامتی کونسل میں امریکی نمائندے نے کہا کہ ان کے ملک کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کا مسودہ حق خود ارادیت کے اصول کی حمایت کرتا اور گزشتہ 50 برس سے جاری تنازع کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا۔ موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ 

دوسری جانب، امریکی قرارداد کو ویٹو کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے روسی نمائندے نے کہا کہ اس مسودے کے ذریعے ایک فریق کا موقف دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ انہوں نے اپنے ویٹو کو زندگی بچانے والا ویٹو  قرار دیا۔

روس کی جانب سے پیش کردہ متبادل قرارداد میں مینورسو کی ذمہ داریوں میں 31 اکتوبر 2027ء تک ایک سال کی توسیع کی تجویز دی گئی تھی تاہم اسے سلامتی کونسل کے 15 ارکان میں سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہوسکی۔