انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عرب لیگ کے تحت ثالثی اور امن کاری میں خواتین کا بڑھتا کردار

دعا خلیفہ، لیگ آف عرب اسٹیٹس میں خواتین کے شعبے کی ڈائریکٹر، ایک کانفرنس روم میں ایک پروجیکشن اسکرین اور دستاویزات کے ساتھ میز کے ساتھ ایک پوڈیم پر کھڑی ہیں۔
Arab League دعا خلیفہ عرب لیگ میں شعبہ خواتین کی ڈائریکٹر ہیں۔

عرب لیگ کے تحت ثالثی اور امن کاری میں خواتین کا بڑھتا کردار

انٹرویو: ریم اباظہ
خواتین

عرب لیگ کے شعبہ خواتین کی ڈائریکٹر ڈاکٹر دعا خلیفہ نے تنازعات کے حل اور ثالثی کے عمل میں خواتین کا کردار مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب انہیں امن مذاکرات اور فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

دعا خلیفہ نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منائے جانے والے سالانہ ہفتہ برائے خواتین، امن و سلامتی کے موقع پر یو این نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عرب خطے میں خواتین کی ثالثی کوئی نیا رجحان نہیں۔ ماضی میں بھی سول سوسائٹی کے ذریعے خواتین نے یمن، سوڈان اور لیبیا سمیت مختلف ممالک میں تنازعات حل کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یمن کے ایک صوبے میں پانی کے بحران کو حل کرنے کے لیے خواتین نے ثالثی کی جس کے مثبت نتائج نکلے۔

انہوں نے بتایا کہ عرب لیگ نے خواتین، امن اور سلامتی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے عرب خواتین ثالثوں کا نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ اس نیٹ ورک میں مختلف عرب حکومتوں کی نمائندگی کرتی 18 خواتین سفارت کار شامل ہیں۔ 

اس نیٹ ورک کا مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر عرب خواتین ثالثوں کی آواز اور خدمات کو موثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ یہ علاقائی خواتین ثالثوں کے نیٹ ورکس کے عالمی اتحاد کا رکن بھی ہے۔

پائیدار امن اور صنفی مساوات

یہ ہفتہ ہر سال اکتوبر میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد اس اہم شعبے میں ہونے والی کوششوں کو تقویت دینا اور انہیں نمایاں کرنا ہے۔ اس ہفتے کو منانے کا فیصلہ 31 اکتوبر 2000 کو سلامتی کونسل کی قرارداد 1325 کی منظوری کی یاد میں کیا گیا ہے۔ اسی قرارداد کے ذریعے خواتین، امن اور سلامتی کے معروف عالمی ایجنڈے کا آغاز ہوا تھا۔

یہ قرارداد خواتین، امن کے لیے سرگرم کارکنوں اور اقوام متحدہ کے سفارت کاروں کے ایک اتحاد کی کوششوں کے نتیجے میں منظور کی گئی تھی۔ اس اتحاد نے شواہد پیش کیے تھے کہ تنازعات کی روک تھام، ان کے خاتمے اور جنگ کے بعد بحالی کے عمل میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے اور پائیدار امن کے لیے صنفی مساوات ناگزیر ہے۔

اس موقع پر یہ نشاندہی بھی کی گئی کہ جنگ کے دوران خواتین اور لڑکیاں غیر متناسب طور پر زیادہ متاثر ہوتی ہیں اور انہیں جنسی زیادتی سمیت صنفی بنیادوں پر تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ثالثی میں خواتین کی بامعنی شمولیت

دعا خلیفہ نے کہا کہ تنازعات کے حل کی کوششوں اور مذاکرات میں خواتین کی شرکت نہ صرف عرب خطے بلکہ پوری دنیا میں محدود ہے۔ خواتین ثالثوں کے نیٹ ورک کا ایک مقصد یہ ثابت کرنا بھی ہے کہ خواتین ثالثی کی مکمل صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہیں تاکہ انہیں اس عمل میں بامعنی اور مساوی نمائندگی کے زیادہ مواقع مل سکیں۔

2021 میں قیام کے بعد سے یہ نیٹ ورک خواتین ثالثوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے اور ان کی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کر رہا ہے۔ ان پروگراموں میں ثالثی کے شعبے میں مہارت رکھنے والے مستند اداروں اور تنظیموں کا تعاون بھی حاصل کیا جاتا ہے۔

تشدد کے خلاف حکمت عملی

عرب لیگ جنگ کے دوران خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام اور بے گھر ہونے والی خواتین کی مدد کے لیے مختلف طریقہ ہائے کار پر بھی کام کر رہی ہے۔

دعا خلیفہ نے بتایا کہ عرب لیگ نے حال ہی میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے ایک عرب حکمت عملی متعارف کرائی ہے۔ علاوہ ازیں، ایک جامع رہنما پروگرام تیار کرنے پر بھی کام جاری ہے جس کا مقصد مسلح تنازعات کے دوران خواتین کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں رکن ممالک کی رہنمائی کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عرب لیگ کے شعبہ خواتین کی سرگرمیاں صرف تنازعات سے متعلق معاملات تک محدود نہیں بلکہ اس کے دائرہ کار میں خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانا، ان کے خلاف تشدد کا خاتمہ، فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی سیاسی شرکت کو فروغ دینا اور صنفی مساوات کا حصول بھی شامل ہے۔