میانمار: غیر قانونی معیشت تشدد میں اضافے کا سبب، انسانی حقوق ماہر
میانمار میں انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کی آزاد اطلاع کار کیلی این کری نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی شدت اختیار کر رہی ہے جس کا جلد خاتمہ ہوتا دکھائی نہیں دیتا جبکہ حقوق کی صورتحال تباہ کن حدود کو چھو رہی ہے۔
انہوں نے میانمار کے بارے میں اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ فروری 2021 میں فوج کی جانب سے اقتدار پر قبضے کے بعد 15 ستمبر 2026 تک کم از کم 8,384 شہریوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ فوجی حکومت کی جانب سے رواں سال 20 اپریل تا 31 جولائی جاری رہنے والے نام نہاد 100 روزہ امن منصوبے کے باوجود ملک میں حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بگڑ گئے ہیں۔
فوج شہری آبادی اور تنصیبات کو دانستہ فضائی حملوں اور توپ خانے کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ان حملوں میں سکولوں، طبی مراکز، عبادت گاہوں، بازاروں اور بے گھر افراد کے کیمپوں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا اور انہیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ہے۔
100 روزہ امن منصوبے کے دوران تقریباً 753 شہری ہلاک ہوئے جن میں 89 فیصد ہلاکتوں کی ذمہ داری میانمار کی فوج اور اس کے حامی نیم فوجی دستوں پر عائد ہوتی ہے۔
شہروں کی ناکہ بندی
کیلی این کری نے بتایا ہے کہ مخالفین کے خلاف فوج کی حکمت عملی کی بنیاد چار طرفہ ناکہ بندی پر ہے جس کے تحت مزاحمت کرنے والے علاقوں کے لیے خوراک، وسائل، انسانی امداد تک رسائی اور عوامی حمایت کے ذرائع منقطع کر دیے جاتے ہیں۔
فوج امدادی سرگرمیوں میں دانستہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے مواصلاتی نظام بند کیا جاتا ہے، نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں اور مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں بنائی جاتی ہیں۔
امدادی کارکن بھی ہراسانی، ناجائز گرفتاریوں، تشدد اور قتل جیسے سنگین خطرات سے دوچار ہیں۔ جولائی 2026ء میں جنوب مشرقی شہر داوے میں تین امدادی کارکنوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔
جرائم کی پھیلتی معیشت
اطلاع کار نے خبردار کیا ہے کہ میانمار میں پھیلتی غیر قانونی معیشت اب محض جنگ کا نتیجہ نہیں رہی بلکہ خود تنازع کو طول دینے اور اسے برقرار رکھنے کا ایک بڑا ذریعہ بن چکی ہے۔
جنگ اور ناقص معاشی انتظام کے باعث جب قانونی معیشت سکڑ رہی ہے تو اس خلا کو جرائم پیشہ سرگرمیاں پر کر رہی ہیں۔ ان میں آن لائن دھوکہ دہی، غیر قانونی کان کنی، انسانی سمگلنگ اور جبری مشقت جیسے جرائم شامل ہیں۔ ان سے حاصل ہونے والی آمدنی فوج کے لیے اسلحہ کی خریداری بالخصوص چین اور روس سے ہتھیاروں کے حصول اور فوجی حکومت کے اندر وفاداری برقرار رکھنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
جرائم پیشہ گروہ اپنی سرگرمیوں کے لیے ٹیتھر جیسے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم اور ٹک ٹاک، میٹا اور ایکس جیسے سوشل میڈیا نیٹ ورک استعمال کرتے ہیں۔ ہمسایہ ممالک میں پائی جانے والی بدعنوانی بھی سرحد پار انسانی سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسے جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کرنا آسان نہیں کیونکہ ان کے خلاف کسی کارروائی کے نتیجے میں شہری بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ ملک میں آن لائن دھوکہ دہی کے ایک مرکز کا انٹرنیٹ سے رابطہ منقطع کرنے کے لیے سٹارلنک سروس بند کی گئی تو امدادی تنظیمیں اور مقامی آبادی بھی مواصلات کی سہولتوں سے محروم ہو گئیں۔
غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔