انسانی کہانیاں عالمی تناظر

افغانستان: طالبان کی پابندیوں کے باوجود پوست کی کاشت میں 5 گنا اضافہ

ابر آلود آسمان کے نیچے سبز پودوں میں گلابی اور سفید پوست کا کھیت۔
IRIN افغانستان میں پوست کا ایک کھیت۔

افغانستان: طالبان کی پابندیوں کے باوجود پوست کی کاشت میں 5 گنا اضافہ

جرائم کی روک تھام اور قانون

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے بتایا ہے کہ افغانستان میں افیون کی پیداوار ایک سال کے دوران پانچ گنا بڑھ گئی ہے جو 2022 میں طالبان حکام کی جانب سے پوست کی کاشت پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد اس کی پیداوار میں پہلا نمایاں اضافہ ہے۔

دفتر کے جاری کردہ جائزے کے مطابق، افغانستان میں پوست کی کاشت کا رقبہ 330 فیصد بڑھ کر 43 ہزار ہیکٹر سے تجاوز کر گیا ہے جو 2025 میں تقریباً 10 ہزار ہیکٹر تھا۔ افیون کی پیداوار میں بھی تقریباً 400 فیصد اضافہ ہوا ہے جو تقریباً 300 ٹن سے بڑھ کر ڈیڑھ ہزار ٹن کے قریب پہنچ گئی ہے۔

Tweet URL

پوست کا زیر کاشت رقبہ اور پیداوار اب بھی پابندی سے پہلے کی سطح سے بہت کم ہیں جب یہ افغانستان میں تقریباً دو لاکھ 32 ہزار ہیکٹر رقبے پر کاشت کی جاتی تھی۔

افغانستان کئی دہائیوں تک دنیا میں غیر قانونی افیون کی پیداوار کا سب سے بڑا مرکز رہا ہے۔ پابندی سے پہلے عالمی سطح پر افیون کی مجموعی رسد کا تقریباً 80 فیصد افغانستان سے آتا تھا۔ طالبان اگست 2021 میں دوبارہ برسراقتدار آئے اور اپریل 2022 میں انہوں نے مذہبی بنیاد پر پوست کی کاشت اور ہر طرح کی منشیات پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اناج کی فصلوں میں پوست کی کاشت

طالبان حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال پوست کی 22 ہزار ہیکٹر فصل تلف کی گئی۔ 'یو این او ڈی سی' کے مطابق، بظاہر بہت سے کسان حکومتی کارروائیوں سے بچنے کے لیے کاشت کے نئے طریقے اپنا رہے ہیں۔ بعض کسان اناج کی فصلوں کے درمیان یا چار دیواری کے اندر چھوٹے قطعات میں پوست کاشت کر رہے ہیں جبکہ  بہت سے کاشتکار حکام کی گرفت سے بچنے کے لیے مختلف اوقات میں اس کی بوائی اور کٹائی کرتے ہیں۔

'یو این او ڈی سی' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مونیکا جوما نے کہا ہے کہ پوست کی کاشت میں چار گنا اضافہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ جب غریب کسانوں کے پاس اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے کے لیے کوئی متبادل ذرائع معاش موجود نہ ہوں تو غیر قانونی کاشت میں کمی کو برقرار رکھنا کس قدر مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے طالبان حکومت اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کسانوں کی مدد کریں۔ اس مقصد کے لیے متبادل ذرائع معاش، زرعی بنیادی ڈھانچے اور منڈیوں تک رسائی میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

شمالی علاقوں میں پوست کا پھیلاؤ

امسال افغانستان کے 34 میں سے 16 صوبوں میں پوست کی کاشت کی گئی جبکہ گزشتہ سال ان کی تعداد 11 تھی۔ رپورٹ کے مطابق، اس میں تین چوتھائی رقبہ شمال مشرقی افغانستان میں واقع ہے جو اب ملک میں پوست کی کاشت کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔ پابندی سے پہلے زیادہ تر پوست ملک کے جنوب مغربی علاقوں میں کاشت کی جاتی تھی۔

دوسری جانب، افیون کی قیمت گزشتہ سال 570 ڈالر فی کلوگرام سے کم ہو کر 500 ڈالر رہ گئی ہے، تاہم یہ پابندی سے پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے جو اُس وقت 100 ڈالر فی کلوگرام سے بھی کم تھی۔ 

'یو این او ڈی سی' کے مطابق، ملک کے مختلف علاقوں میں افیون کی قیمتوں میں بڑے فرق کی وجہ سے سمگلروں کو اس کی پیداوار شمال مشرق سے جنوب مغرب کی جانب منتقل کرنے کی ترغیب مل سکتی ہے۔

ذخیرہ شدہ افیون کے ذخائر میں کمی

جائزے میں بتایا گیا ہے کہ پابندی کے بعد خطے میں منشیات کے سمگلر رسد برقرار رکھنے کے لیے بظاہر افیون کے پہلے سے موجود ذخائر پر انحصار کرتے رہے ہیں۔ تاہم، حالیہ ضبطگیوں کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ذخائر اب کم ہو رہے ہیں۔ رواں سال اقوام متحدہ کی ورلڈ ڈرگ رپورٹ میں بھی یورپ کی جانب ہیروئن کی رسد میں کمی آنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اگر منشیات کی طلب برقرار رہتی ہے اور قیمتیں بلند رہیں تو رسد میں کمی سے افغانستان میں پوست کی کاشت مزید بڑھ سکتی ہے۔

مونیکا جوما نے کہا ہے کہ افغانستان سمیت دنیا بھر میں منشیات کی سرحد پار سمگلنگ کرنے والے گروہوں کا خاتمہ کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔

'یو این او ڈی سی' کا کہنا ہے کہ مسلسل نگرانی سے ہی یہ معلوم ہو سکے گا کہ آیا رواں سال افیون کی پیداوار میں اضافہ عارضی ہے یا اسے افغانستان میں افیون اور ہیروئن کی پیداوار میں دوبارہ اضافے کا آغاز سمجھا جانا چاہیے۔