اسی فیصد گھریلو ملازمین قانونی و سماجی تحفظ سے محروم، آئی ایل او
عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں 6 کروڑ 65 لاکھ گھریلو ملازمین غیر رسمی ملازمتوں سے وابستہ تھے جن کے پاس دوسروں کے مقابلے میں موثر قانونی تحفظ اور سماجی سہولتیں نہ ہونے کا امکان دو گنا سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔
ادارے کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، 2025 میں دنیا بھر میں ایسے ملازمین کی تعداد بڑھ کر تقریباً 8 کروڑ ہو گئی جو 2019 میں 7 کروڑ 56 لاکھ تھی۔ تاہم، مجموعی روزگار میں گھریلو ملازمتوں کا تناسب تقریباً 2.2 فیصد پر برقرار رہا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسے ملازمین کی تعداد میں اضافہ اس شعبے کے حجم میں کسی توسیع کے بجائے بڑی حد تک مجموعی روزگار میں اضافے کا نتیجہ ہے۔
'آئی ایل او' کی ڈائریکٹر سحرہ رضاوی نے جنیوا میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ملازمین عموماً استحصال کا شکار رہتے ہیں۔ یہ لوگ گھروں کی صفائی کرتے، کھانا بناتے، بچوں کی دیکھ بھال کرتے، معمر افراد کی خدمت کرتے اور معذور افراد کی نگہداشت میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے باوجود یہ اکثر نظروں سے اوجھل رہتے ہیں، ان کی خدمات کو معمول کی بات سمجھ کر نظرانداز کیا جاتا ہے اور ان کے کام کی قدر نہیں کی جاتی۔
گھریلو ملازمتیں: ایشیا اور الکاہل سرفہرست
دنیا بھر میں گھروں پر کام کرنے والے تقریباً نصف ملازمین ایشیا اور الکاہل میں ہیں جبکہ 2019 کے بعد افریقہ میں اس شعبے سے وابستہ افراد کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جہاں مزید 42 لاکھ افراد گھریلو ملازمتوں سے منسلک ہوئے۔
آئی ایل او کے مطابق، افریقہ میں ایسی غیر رسمی ملازمتیں عام ہیں جہاں 93.3 فیصد گھریلو ملازمین غیر رسمی طور پر کام کرتے ہیں جبکہ عرب ریاستوں میں یہ صورتحال تقریباً تمام گھریلو ملازمین تک پھیلی ہوئی ہے۔
یورپ اور وسطی ایشیا میں غیر رسمی ملازمتوں کی شرح دیگر خطوں کے مقابلے میں سب سے کم ہے لیکن اس کے باوجود وہاں ایک تہائی سے زیادہ گھریلو ملازمین کو غیر رسمی طور پر اجرت دی جاتی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ان کی اجرتوں پر ٹیکس ادا نہیں کیا جاتا۔
دنیا بھر میں گھریلو ملازمین میں خواتین کا تناسب 77.2 فیصد ہے جن کی بڑی تعداد صفائی اور نگہداشت سے متعلق کاموں سے وابستہ ہے۔
طویل اوقات کار اور معمولی اجرت
رپورٹ کے مطابق، گھریلو ملازمین کی کم اجرت ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہیں اوسطاً دیگر ملازمین کے مقابلے میں ماہانہ اجرت کا صرف 53.3 فیصد ملتا ہے۔ غیر رسمی ملازمتوں سے وابستہ گھریلو کارکنوں کے لیے یہ تناسب مزید کم ہو کر 48.7 فیصد رہ جاتا ہے اور 2019 کے بعد اجرتوں میں یہ فرق مسلسل بڑھ رہا ہے۔
گھریلو ملازمین کو عموماً طویل وقت تک کام کرنا پڑتا ہے۔ ایک تہائی سے زیادہ ملازمین ہفتے میں کم از کم 49 گھنٹے کام کرتے ہیں جبکہ 15 فیصد ایسے ہیں جو ہفتے میں 60 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت کام کرنے پر مجبور ہیں۔
ان ملازمین میں ایسے افراد کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جنہیں بہت کم وقت کے لیے اور نہایت معمولی اجرت پر کام ملتا ہے۔ یہ صورت حال روزگار کی ناکافی دستیابی اور مناسب آمدنی کے لیے متعدد گھروں میں کام کرنے کی مجبوری کی عکاسی کر سکتی ہے۔
'آئی ایل او' کنونشن کی توثیق کا مطالبہ
رپورٹ میں مثبت پیش ہائے رفت کا ذکر بھی شامل ہے۔ ایسے ممالک جہاں 2019 اور بعد کے اعداد و شمار کا تقابل ممکن ہے وہاں نصف سے زیادہ نے گھریلو ملازمین کی غیر رسمی ملازمتوں کی شرح کو کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
40 ممالک نے 'آئی ایل او' کے کنونشن 189 کی توثیق بھی کر دی ہے۔ یہ کنونشن گھریلو ملازمین کے لیے باعزت روزگار اور کام کے بہتر حالات یقینی بنانے کے معیارات طے کرتا ہے۔
سحرہ رضاوی نے کہا ہے کہ اس کنونشن کی توثیق کرنے والے ممالک کی تعداد میں مزید اضافہ ضروری ہے۔ ایشیا اور عرب ریاستوں میں اس حوالے سے خاص طور پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں توثیق کی شرح بہت کم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گھریلو کام بھی کام ہی ہوتا ہے اور گھریلو ملازمین بھی وہی حقوق اور تحفظ حاصل کرنے کے حق دار ہیں جو دوسرے ملازمین کو حاصل ہوتے ہیں۔