امریکہ ایران کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارت کاری ضروری، یو این چیف
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور پرامن طریقوں سے مسائل کا حل نکالیں۔
انہوں نے مصر کے دورے میں میزبان وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کو دھمکیاں اور طاقت کے مظاہرے بڑے پیمانے پر کشیدگی میں تبدیل ہو گئے تو صورتحال بے قابو ہو سکتی ہے۔آبنائے ہرمز اور باب المندب میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادانہ نقل و حرکت کو مکمل طور پر بحال کیا جانا چاہیے۔ یہ دونوں آبی راستے عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مصر کے کردار کی ستائش کی۔ سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مصر کثیرالفریقی تعاون کا ایک اہم ستون ہے۔ ایسے وقت سفارت کاری کے دروازے کھلے رکھنا انتہائی ضروری ہے جب اختلافات گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مصر کے ثالثانہ اور امدادی کردار کو بھی سراہا۔
غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کا مطالبہ
سیکرٹری جنرل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ انسانی امداد کی فراہمی پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں اور غزہ میں تنازع کا خاتمہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظور شدہ جامع منصوبے پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے اور بین الاقوامی قانون کا احترام کرنا ضروری ہے۔
انتونیو گوتیرش نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی آبادکاری میں توسیع، فلسطینیوں کی مسلسل بے دخلی، تشدد میں تیزی، حملوں اور صحافیوں و سفارت کاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایک ایسا ماحول بن رہا ہے جہاں لوگوں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے اور نسلی تطہیر کا خطرہ بھی مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ بند ہونا چاہیے۔ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی تکمیل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق تسلیم کرنا ضروری ہے۔
سوڈان اور لیبیا کے بحران
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سوڈان میں لڑائی فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔ ملک کا مستقبل سوڈانی عوام کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ایک جامع سیاسی عمل ضروری ہے جو ملک کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھے۔
لیبیا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی عمل میں پیدا ہونے والی پیش رفت سے فائدہ اٹھایا جائے، ریاستی اداروں کو متحد کیا جائے اور قومی انتخابات کی راہ ہموار کی جائے تاکہ طویل عرصہ سے جاری عبوری دور کا خاتمہ ہو سکے۔