سزائے موت براہ راست نشر کرنے کے امریکی اعلان کی مذمت
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق(او ایچ سی ایچ آر) نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں سزائے موت کو براہ راست نشر کرنے کا اقدام سرعام پھانسی کے مترادف اور تشدد پر عائد مکمل پابندی کی یکسر خلاف ورزی ہو گا۔
دفتر کی ترجمان شابیہ منٹو نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک افغانستان اور ایران میں سرعام سزائے موت دیے جانے کے واقعات پر واضح کر چکے ہیں کہ ایسی سزائیں ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک یا سزا کی ایک شکل ہیں۔ اس پابندی کا احترام نہ کرنے سے حق زندگی کی سلبی اور تشدد پر عائد مکمل پابندی کی خلاف ورزی کے خدشات بڑھ جائیں گے۔
'او ایچ سی ایچ آر' نے یہ بیان امریکہ کے وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے ندال ملک حسن کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے اور اسے براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیے جانے کے بعد جاری کیا ہے۔ ندال حسن کو 2009 میں ریاست ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہڈ میں فائرنگ کر کے 13 افراد کو ہلاک اور 32 کو زخمی کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے گزشتہ روز کہا تھا کہ امریکی حکومت کی جانب سے سرعام یا براہ راست کیمروں کے سامنے سزائے موت دینا قابل نفرت اقدام ہو گا۔
کرسٹا پائیک سزائے موت
'او ایچ سی ایچ آر' نے رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست ٹینیسی کے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ قتل کی مجرم کرسٹا پائیک کو سزائے موت دینے کی مزید کوششیں نہ کریں جو زہریلا انجیکشن دیے جانے کے باوجود زندہ بچ گئی تھیں۔
اس موقع پر 'او ایچ سی ایچ آر' کی ترجمان روینہ شمداسانی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں سزائے موت کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے اور کرسٹا پائیک کا معاملہ ان متعدد وجوہ کو واضح کرتا ہے جن کی بنا پر سزائے موت کا خاتمہ کیا جانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرسٹا پائیک کی طویل اذیت انتہائی قابل نفرت اور ظالمانہ ہے جبکہ منصفانہ عدالتی کارروائی سے متعلق اہم خدشات تاحال دور نہیں کیے گئے۔
سزائے موت میں اضافہ
سزائے موت سے متعلق اقوام متحدہ کی اگست 2025 میں شائع ہونے والی رپورٹ میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے دنیا بھر میں سزائے موت کے خاتمے کی جانب مسلسل پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے تشویش ظاہر کی ہے کہ باقیماندہ ممالک میں یہ سزا دیے جانے کے واقعات میں اب بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 2024 میں 15 ممالک میں سزائے موت کے 1,518 واقعات ریکارڈ کیے گئے جو 2023 کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ تھے۔
امریکا کے حوالے سے اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے صدر نے 20 جنوری 2025 کو ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کرکے وفاقی سطح پر سزائے موت پر عائد پابندی ختم کر دی۔ مارچ میں ریاست جنوبی کیرولائنا میں فائرنگ سکواڈ کے ذریعے ایک شخص کو سزائے موت دی گئی جو امریکہ میں 15 برس کے بعد اس طریقے سے دی جانے والی پہلی سزا تھی۔
رپورٹ میں شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدےکا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جب تک سزائے موت کا مکمل خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک رکن ممالک ظالمانہ، تکلیف دہ یا توہین آمیز طریقوں سے دی جانے والی سزائے موت پر پابندی عائد کر کے معاہدے کے آرٹیکل 7 پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔