یمن جنگ میں شدت، کشیدگی خطے میں پھیلنے کا خدشہ: یو این کا انتباہ
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف محاذوں پر لڑائی میں شدت آ گئی ہے۔ انہوں نے متحارب فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور قابل بھروسہ سیاسی عمل شروع کرنے کی کوششیں دوبارہ تیز کریں۔
گرنڈ برگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو یمن کے حالات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات سے کوئی بات واضح ہوتی ہے تو وہ یہ ہے کہ یمن کے تنازع کو محدود رکھنا ممکن نہیں۔ اگر مسائل کے پائیدار حل کی جانب لے جانے والا قابل بھروسہ سیاسی عمل شروع نہ کیا گیا تو یہ تنازع متواتر سر اٹھاتا رہے گا۔ اس سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہو گا اور وسیع تر استحکام کے لیے خطرہ رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں میں لڑائی شدت اختیار کر چکی ہے۔ سب سے زیادہ آبادی والے صوبے تعز میں انسانی بحران تیزی سے سنگین ہوتا جا رہا ہے جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں بمباری کے علاوہ فضائی حملے بھی بدستور جاری ہیں۔
سعودی عرب پر حملوں کی مذمت
ہینز گرنڈبرگ نے یمن کے حوثیوں (انصاراللہ) کی جانب سے سعودی عرب میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ ان میں حالیہ دنوں میں ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیے گئے حملے بھی شامل ہیں جن کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
انہوں نے انصار اللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے حملے فوری طور پر بند کرے۔
گرنڈبرگ نے کونسل کو بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران انہوں نے یمنی حکومت، حوثیوں اور متعلقہ علاقائی و بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ مسلسل اور تفصیلی مشاورت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ، اس بات پر وسیع تر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ یمن اس وقت ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے اور اس مرحلے کی اہمیت صرف یمنی عوام تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری عدم استحکام یمن کی صورتحال پر اثر انداز ہو رہا ہے جبکہ یمن کے اندر ہونے والی پیش رفت کے اثرات بھی پورے خطے تک پہنچ رہے ہیں۔
انہون نے کہا کہ بحیرۂ احمر میں سعودی عرب سے منسلک تجارتی جہازوں کے خلاف حوثیوں کی دھمکیاں تمام ممالک کی آزادانہ بحری آمدورفت کے لیے خطرہ ہیں۔ یہ دھمکیاں اب سمندری تجارتی راستوں پر کنٹرول کے لیے جاری وسیع تر کشمکش اور توانائی کی منڈیوں کو درپیش دباؤ کے ساتھ تیزی سے جڑتی جا رہی ہیں۔
زیرحراست اہلکاروں کی رہائی کا مطالبہ
خصوصی نمائندے نے حوثیوں سے اقوام متحدہ کے عملے، غیر سرکاری تنظیموں کے کارکنوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سفارت خانوں سے وابستہ اہلکاروں کی بلاجواز حراست ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ ادارے کے لیے کام کرنے والے 72 افراد اب بھی حراست میں ہیں اور ان کی رہائی کے لیے تاحال کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہو سکی جن میں سے بعض سنگین طبی مسائل کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ اپنے تمام زیرحراست اہلکاروں کی غیر مشروط رہائی کے لیے حوثیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
4 اہم مطالبات
ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے نائب رابطہ کار محمد یحییٰ نے کونسل کو بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران لڑائی میں شدت آنے سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں جو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ پر محیط تنازع کے باعث شدید تھکن اور اذیت کا شکار ہیں۔ حالیہ لڑائی کے نتیجے میں کم از کم دو لاکھ افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
محمد یحییٰ نے یمن میں انسانی حالات بہتر بنانے کے لیے چار مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا:
- متحارب فریق شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنائیں جن میں طبی مراکز اور سکول بھی شامل ہیں۔
- انسانی امداد کی فراہمی کے لیے محفوظ، تیز رفتار اور بلا رکاوٹ رسائی مہیا کی جائے۔
- امداد دینے والے ممالک فوری طور پر کثیرالمقاصد وسائل مہیا کریں جن کی فراہمی قابل اعتماد اور مستقل ہو، اور
- مسئلے کے سیاسی حل کے لیے کوششوں کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو اس کے انسانی نتائج نہایت تباہ کن ہوں گے، مزید لوگ بے گھر ہوں گے اور امدادی سرگرمیوں میں مزید رکاوٹیں آ سکتی ہیں۔