غلامی اور نوآبادیاتی نظام کی میراث آج بھی نسل پرستی کا سبب، وولکر ترک
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ غلامی اور نوآبادیاتی نظام کی میراث آج بھی افریقی النسل لوگوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہو رہی ہے جن کے ساتھ ماضی میں روا رکھے گئے مظالم اور ناانصافیوں کا ازالہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے اس معاملے میں افریقی لوگوں کے لیے انصاف کی فراہمی کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی مباحثے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں تین کروڑ سے زیادہ لوگوں کو افریقہ سے بے دخل کر کے انہیں غلامی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا۔ بحر اوقیانوس کے پار غلاموں کی تجارت دراصل تسلط کا ایک منظم نظام تھا جس میں کروڑوں افریقی مردوں، خواتین اور بچوں کو محض استعمال کی اشیا سمجھا جاتا تھا۔
وولکر ترک نے کہا کہ ان ناانصافیوں کی میراث آج بھی موجود ہے۔ انہی کے اثرات اور عمومی طور پر نوآبادیاتی نظام کے اثرات آج بھی یہ تعین کرتے ہیں کہ کس کے پاس مواقع، تحفظ اور اختیار ہے اور کس کے پاس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تلافی اور انصاف کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بعض ممالک، یونیورسٹیوں، مذہبی اور کاروباری اداروں نے افریقہ کے لوگوں کو غلام بنائے جانے میں اپنے تاریخی کردار کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
روزمرہ زندگی میں نسل پرستی
ہائی کمشنر نے کہا کہ آج بھی افریقی النسل لوگوں کو روزمرہ زندگی کے مختلف شعبوں میں نسل پرستی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض خطوں میں پولیس کے ہاتھوں افریقی نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف طاقت کے استعمال کا امکان دوسرے لوگوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔ اسی طرح افریقی نژاد افراد جیلوں اور فوجداری انصاف کے نظام میں بھی اپنی آبادی کے تناسب سے کہیں زیادہ تعداد میں موجود ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت سمیت نئی ٹیکنالوجی پہلے سے موجود عدم مساوات کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ اگر اس معاملے میں احتیاط سے کام نہ لیا گیا تو یہ افریقی النسل افراد کے خلاف نسل پرستانہ طرز عمل کو مزید شدید بنا دے گی۔
'مالی معاوضہ کافی نہیں'
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ تلافی کو صرف مالی معاوضے تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس عمل میں ماضی کی حقیقت کا سامنا کرنا، باضابطہ معذرت، حقائق کی تلاش کے اقدامات اٹھانا اور ایسی یادگاریں قائم کرنا شامل ہوں جو افریقی النسل لوگوں کے تجربات اور ان کی خدمات کو تسلیم کریں۔
دیگر اقدامات میں ثقافتی نوادرات کی واپسی، مالی معاوضے کی ادائیگی، تعلیم و آگاہی اور نسل در نسل منتقل ہونے والے صدمات سے نمٹنے کے لیے طبی اور نفسیاتی معاونت بھی شامل ہو سکتی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے رکن ممالک کو انصاف کا یہ عمل آگے بڑھانے میں مدد دینے کے لیے وضاحتی مواد بھی تیار کیا ہے۔
ہائی کمشنرنے نشاندہی کی کہ بہت سے ممالک میں اب بھی نسل پرستی کے خلاف موثر قوانین موجود نہیں اور تین چوتھائی سے بھی کم ممالک میں امتیازی سلوک کے خلاف جامع قوانین موجود ہیں۔
مالیاتی نظام میں اصلاحات
انہوں نے موجودہ قوانین پر موثر عملدرآمد اور ایسی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سرمایہ کاری پر زور دیا جو صحت، رہائش، تعلیم، انصاف اور روزگار تک رسائی میں حائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افریقی باشندوں اور افریقی نسل سے تعلق رکھنے والے افراد، بالخصوص خواتین، کو انصاف کی فراہم کے اقدامات میں خاص طور پر مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
وولکر ترک نے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا جن میں ناقابل برداشت قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے اور بین الاقوامی فیصلہ سازی میں افریقی ممالک کی شمولیت مضبوط بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔