افغانستان: ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی پر خواتین کی گرفتاریوں میں اضافہ
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کو لباس سے متعلق ضوابط پر عمل نہ کرنے اور مرد سرپرست کو ساتھ لیے بغیر گھر سے باہر نکلنے پر حراست میں لیا جا رہا ہے جبکہ ان پر حصول تعلیم و روزگار کے دروازے بدستور بند ہیں۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما)نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال جولائی سے ستمبر کے درمیان ہرات اور کابل میں کم از کم 52 خواتین اور ایک لڑکی کو حراست میں لیا گیا جبکہ بعض دیگر خواتین کو بھی گرفتاری کی دھمکیاں دی گئیں۔ ایسی خواتین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ حکام کے خوف اور سماجی بدنامی کے باعث بہت سے واقعات سامنے نہیں آ پاتے۔
اگست 2023 میں طالبان کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے بعد خواتین اور لڑکیوں کے حقوق پر کڑی پابندیاں عائد ہیں۔ انہیں ثانوی تعلیم حاصل کرنے، ملازمت اور آزادانہ طور پر عوامی زندگی میں حصہ لینے سے بڑی حد تک محروم کر دیا گیا ہے۔
یوناما کے مطابق، حالیہ گرفتاریوں کی وجہ طالبان کی جانب سے نافذ کردہ لباس سے متعلق ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی تھی۔ بہت سی خواتین کو چادر نہ پہننے، بال نمایاں ہونے، شوخ رنگ کے سکارف پہننے، میک اپ استعمال کرنے، یا کسی قریبی رشتہ دار کے بغیر عوامی مقامات پر موجود ہونے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، ان خواتین کو کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔
امتیازی اور جابرانہ اقدامات
یوناما نے خواتین کے ساتھ بدزبانی، تشدد اور دھمکیوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات خواتین اور لڑکیوں کے نقل و حرکت و اظہار کی آزادی اور انفرادی خودمختاری کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ گرفتاری اور حراست خواتین اور لڑکیوں کو سماجی بدنامی اور مزید محرومی کا شکار بھی بنا دیتی ہیں۔
مشن نے طالبان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف امتیازی اور جابرانہ اقدامات کا خاتمہ کریں، تمام افغان شہریوں کے انسانی حقوق اور وقار کا احترام یقینی بنائیں اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت افغانستان کی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
واپس آنے والے مہاجرین کی ضروریات
عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے پاکستان اور ایران سے واپس آنے والے قریباً 65 لاکھ افغان شہریوں کی ضروریات اور انہیں دوبارہ آباد ہونے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے نئی رپورٹ جاری کی ہے۔
ملک میں ادارے کی نمائندہ می ہیونگ پارک نے کہا ہے کہ واپس آںے والے افغان اپنے ملک میں رہ کر دوبارہ زندگی شروع کرنا چاہتے ہیں تاہم ایسا کرنے کے لیے ان کی صلاحیت کا انحصار روزگار کے مواقع، محفوظ رہائش، ضروری دستاویزات اور بنیادی سہولیات تک رسائی کے ان آبادیوں کے لیے معاونت پر ہے جہاں یہ افراد دوبارہ آباد ہو رہے ہیں۔
افغانستان میں واپس آںے والے خاندانوں اور واپسی کے بعد کم از کم آٹھ ماہ سے ملک میں موجود لوگوں کی صورتحال پر یوناما کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ:
- 14 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد میں سے 53 فیصد نے کوئی باقاعدہ تعلیم مکمل نہیں کی، نصف کے پاس کوئی مخصوص پیشہ وارانہ مہارت نہیں تھی جبکہ 69 فیصد افراد نے ادارے سے بات چیت کرنے سے 30 دن پہلے کوئی ملازمت نہیں کی تھی۔
- 82 فیصد افراد خاندانوں کی صورت میں واپس آئے اور ہر خاندان کے ارکان کی اوسط تعداد 6.1 تھی۔
- واپس آنے والے افراد میں 58 فیصد کی عمر 18 سال سے کم تھی۔
- 77 فیصد افراد عارضی رہائش گاہوں میں مقیم تھے جبکہ 51 فیصد کو رہائش کی مناسب جگہ میسر نہیں تھی۔
- خاندانوں سے متعلق سوالات کے جواب دینے والے افراد میں صرف 21 فیصد نے بتایا کہ ان کے اہلخانہ میں تمام افراد کے پاس ضروری دستاویزات موجود ہیں، 43 فیصد خاندانوں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس وہ دستاویزات نہیں ہیں جو متعلقہ سرکاری خدمات تک رسائی کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔