میانمار: 68 فیصد آبادی بحرانوں اور غربت کا شکار، یو این ڈی پی
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام(یو این ڈی پی) نے بتایا ہے کہ میانمار میں کئی برس سے جاری مسلح تنازع، نقل مکانی، معاشی بدحالی اور موسمیاتی بحرانوں کے باعث لاکھوں افراد کے لیے رہائش، صحت، تعلیم اور روزگار کے نظام بیک وقت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔
ملک میں دو تہائی سے زیادہ آبادی کثیرالجہتی غربت کا شکار یا اس میں مبتلا ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ مجموعی طور پر تین کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں یا ملک کی 68 فیصد آبادی کو باہم پیوسط بحرانوں کا سامنا ہے۔
محرومی اور کثیرالجہتی غربت کی صورتحال پر ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کو صرف آمدنی کے بحران کا سامنا نہیں، بلکہ زندگی کو سہارا دینے والے وسائل بھی تیزی سے ختم ہو رہے ہیں جن میں بچت، مستحکم روزگار، بنیادی سہولیات تک رسائی اور سماجی معاونت کے نیٹ ورک شامل ہیں۔
ایشیا اور بحرالکاہل کے لیےادارے کی علاقائی ڈائریکٹر کنی وگناراجا نے کہا ہے کہ ملک میں لاکھوں لوگوں کو درپیش مشکلات مسلسل سنگین ہوتی جا رہی ہیں۔ غربت کی شدت انسانی ترقی کی بنیادوں کو کمزور کر رہی ہے۔ یہ ایسی جنگ ہے جس میں کسی کی جیت نہیں اور ملک کی بنیادی قوت کو منظم انداز میں کمزور کیا جا رہا ہے۔
بنیادی سہولیات تک عدم رسائی
رپورٹ کے مطابق صحت اور معیار زندگی سے متعلق محرومیاں میانمار میں کثیرالجہتی غربت کے 80 فیصد سے زیادہ حصے کا احاطہ کرتی ہیں۔ ان میں صحت کی سہولیات تک رسائی، مناسب رہائش، صاف پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی خدمات کی کمی شامل ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں غربت کی نوعیت بھی مختلف ہے۔ بعض علاقوں میں لڑائی، نقل مکانی اور بنیادی خدمات تک محدود رسائی غربت کے بڑے اسباب ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں روزگار، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات سے متعلق دیرینہ مسائل نمایاں ہیں۔
ریاست راخائن کثیرالجہتی غربت کے بڑے مراکز میں شامل ہے جہاں دو تہائی سے زیادہ آبادی غربت جبکہ تقریباً ایک تہائی انتہائی شدید غربت سے دوچار ہے۔
رپورٹ کے نتائج اس تاثر کو بھی رد کرتے ہیں کہ غربت بنیادی طور پر دیہی علاقوں کا مسئلہ ہے۔ اگرچہ دارالحکومت یانگون میں غربت کی شرح تنازعات سے متاثرہ کئی ریاستوں کے مقابلے میں کم ہے تاہم کثیرالجہتی غربت کا شکار افراد کی ایک بڑی تعداد یہیں رہتی ہے۔
موسمیاتی اور معاشی بحران
یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب میانمار میں تقریباً 20 فیصد خاندانوں کو سیلاب، سمندری طوفان، خشک سالی اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے۔ ایل نینو موسمیاتی رجحان کے باعث ان خطرات میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست کے اختتام تک تقریباً 6 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہو چکے تھے۔ عوام خارجی معاشی دھچکوں کا دباؤ بھی محسوس کر رہے ہیں جن میں خلیجی بحران کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتیں شامل ہیں۔
انسانی سرمائے کا ضیاع
رپورٹ میں ان نوجوانوں کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جو تنازع، عدم تحفظ اور شدید معاشی و سماجی دباؤ کے ماحول میں پروان چڑھ رہے ہیں۔
اس میں بتایا گیا ہے کہ مواقع محدود ہونے کے باعث بہت سے نوجوان تعلیم، روزگار، نقل و حرکت اور اپنے مستقبل کے حوالے سے انتہائی محدود اختیارات رکھتے ہیں۔ 2021 کے بعد کم از کم 10 لاکھ نوجوان میانمار چھوڑ چکے ہیں۔ ادارے نے اسے ملک کی حالیہ تاریخ میں انسانی سرمائے کے بڑے نقصانات میں سے ایک قرار دیا ہے اور یہ سب ایسے وقت ہو رہا ہے جب ملک کی آبادی تیزی سے عمر رسیدہ ہوتی جا رہی ہے۔
وگنا راجا نے کہا ہے کہ میانمار کو درپیش سب سے بڑا خطرہ صرف غربت میں شدت آنا نہیں بلکہ مستقبل کے مواقع کا مسلسل محدود ہوتے جانا بھی ہے۔ موجودہ حالات میں روزگار، تعلیم، صحت، مقامی منڈیوں اور بنیادی خدمات میں سرمایہ کاری ضروری ہے تاکہ بنیادی انسانی صلاحیتیں محفوظ رہیں جن کی ملک کو آگے بڑھنے کے لیے ضرورت ہو گی۔