دوران حمل ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے کے لیے ہدایات جاری
عالمی ادارہ صحت نے حمل کے دوران بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) سے پیدا ہونے والے متعلق طبی مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک نیا عالمی لائحہ عمل شروع کیا ہے جس سے حاملہ خواتین اور ان کے نومولود بچوں میں اموات اور سنگین طبی پیچیدگیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
'ڈبلیو ایچ او' کا نیا لائحہ عمل نیدرلینڈز میں ’سوسائٹی فار میٹرنل-فیٹل میڈیسن‘ کی عالمی کانگرس کے موقع پر پیش کیا گیا۔ یہ تحقیق، ادویات، طبی رہنما اصولوں، صحت کے نظام اور پالیسی اقدامات کو ایک مربوط نظام میں یکجا کرتا ہے تاکہ حمل کے دوران خاتون کے زندہ رہنے اور صحت مند بچے کو جنم دینے کے امکانات کا انحصار اس بات پر نہ رہے کہ اس کا تعلق دنیا کے کون سے خطے سے ہے۔
لائحہ عمل میں آئندہ ایک دہائی اور اس کے بعد آنے والے عرصہ کے لیے مربوط اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ مسئلے کی سنگینی اور علاج معالجے کے لیے خاص طور پر تیار کردہ اور منظور شدہ ادویات کی قلت کے درمیان اختراع کا واضح خلا موجود ہے۔
قابل علاج بیماریوں سے 42 ہزار اموات
دنیا بھر میں حمل کی 10 تا 15 فیصد پیچیدگیوں کا تعلق بلند فشار خون کے نتیجے میں ہوتا ہے جبکہ زچگی کے دوران 16 فیصد اموات کا یہی سبب ہے۔ اندازے کے مطابق، ہر سال تقریباً 42 ہزار خواتین ایسی قابل علاج بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں جو تقریباً پانچ لاکھ سے زیادہ مردہ بچوں کی پیدائش اور نومولود بچوں کی اموات کا سبب بھی ہیں۔
'ڈبلیو ایچ او' نے کہا ہے کہ بہت سے ممالک میں خواتین کو ضروری طبی سہولیات تک قابل بھروسہ رسائی نہیں ہوتی جن میں بلند فشار خون اور پیشاب میں پروٹین کی جانچ کے علاوہ ضروری ادویات کی دستیابی شامل ہیں۔
کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں مریضوں کو بروقت طبی مرکز تک منتقل کرنے کے کمزور نظام، تربیت یافتہ عملے کی کمی اور ہنگامی زچگی کی محدود سہولیات طبی امداد کی فراہمی میں مزید تاخیر کا سبب بنتی ہیں۔ غربت، انسانی بحرانوں، طویل فاصلوں اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنے والی خواتین کو اس حوالے سے خاص طور پر زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
بروقت طبی معائنہ اور علاج
'ڈبلیو ایچ او' میں شعبہ جنسی و تولیدی صحت و تحقیق کی ڈائریکٹر ڈاکٹر پاسکل ایلوٹے نے کہا ہے کہ بلند فشار خون کا مسئلہ کسی بھی حمل میں لاحق ہو سکتا ہے۔ اس بیماری کا نتیجہ جان لیوا ثابت ہوگا یا نہیں، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ فشار خون کی بروقت جانچ ہو رہی ہے یا نہیں اور اگر بیماری بگڑ جائے تو معیاری ہنگامی طبی سہولیات کس قدر جلد دستیاب ہوتی ہیں۔
اب تک تحقیق کے لیے سرمایہ کاری کا زیادہ تر حصہ تشخیصی آلات کی تیاری پر مرکوز رہا ہے جبکہ نئی حفاظتی اور علاجی تدابیر کی تیاری میں طویل عرصہ سے مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔
'ڈبلیو ایچ او' نے زور دیا ہے کہ ثابت شدہ موثر طبی اقدامات اور مستقبل میں سامنے آنے والی نئی طبی اختراعات ان خواتین اور بچوں تک ضرور پہنچنا چاہئیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے ادارے نے حکومتوں، عطیہ دہندگان، محققین، طبی ماہرین، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اقدامات اور سرمایہ کاری کو باہم مربوط کریں۔