گرین لینڈ جبری مانع حمل معاملے میں مقامی خواتین کے حقوق کی اہمیت مرکزی
انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے آزاد ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرین لینڈ میں ہزاروں اینیوٹ خواتین اور لڑکیوں کو جبراً مانع حمل طریقوں کا نشانہ بنائے جانے کے معاملے کو کم اہم ظاہر کرنے کی کوششیں ان کے نقصان کی حقیقی اور موثر تلافی کی امید کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
اقوم متحدہ کے ماہرین نے یہ خدشات گرین لینڈ میں حکومت کی جانب سے اس معاملے پر مقرر کردہ ماہرین کی ٹیم کے دو سابق ارکان کی جانب سے جاری کردہ اختلافی رپورٹ سامنے آنے پر ظاہر کیے ہیں۔ اس میں ہزاروں مقامی انوئٹ خواتین اور لڑکیوں کو کئی دہائیوں تک سرکاری نگہداشت کے اداروں میں جبری مانع حمل کا نشانہ بنائے جانے کے معاملے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتیں پہلے ہی تسلیم کر چکی ہیں کہ انوئٹ خواتین اور لڑکیوں کو اس ہولناک عمل کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں حکومتوں نے اس معاملے میں عوامی طور پر معذرت بھی کی ہے۔ تاہم، ماضی کے حقائق کا ایک واضح، درست اور غیر متنازع ریکارڈ قائم کیے بغیر متاثرین کے لیے حقیقی اور موثر ازالہ یا ان کے زخموں کا مداوا ممکن نہیں۔
غلط کاری اور ناانصافی کی ذمہ داری کو کم کرنے یا اس سے بری الذمہ قرار دینے کی کوششیں متاثرین کے لیے انصاف اور ازالے کے عمل کو نقصان پہنچاتی ہیں کہ اس کی بنیاد حقائق پر مبنی ریکارڈ اور متاثرین کے ذاتی تجربات ہونے چاہییں۔
طویل المدتی جسمانی و نفسیاتی نقصان
2023 میں ڈنمارک اور گرین لینڈ کے دورے میں مقامی باشندوں سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق کو ان خواتین نے بتایا تھا کہ ان کے رحم میں ان کی لاعلمی یا رضامندی کے بغیر مانع حمل آلات نصب کیے گئے اور بعض خواتین کے ساتھ یہ اس وقت ہوا جب وہ کم عمر تھیں۔
بعد ازاں خصوصی نمائندے کی جانب سے انسانی حقوق کونسل کو پیش کی گئی رپورٹ میں اس عمل کے نتیجے میں ہونے والے سنگین اور دیرپا جسمانی و نفسیاتی اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔ رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ متاثرہ خواتین کو ماضی کے حقائق سامنے لانے اور ذمہ داری کے تعین کے عمل میں بامعنی طور پر شریک کیا جانا ضروری ہے۔
قبل ازیں، ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومت کے مقرر کردہ دو ماہرین نے اپنی اختلافی رپورٹ میں یہ بھی کہا تھا کہ ایسے شواہد سامنے نہیں آئے جن کی بنیاد پر یہ فرض کیا جا سکے کہ ڈنمارک یا گرین لینڈ کے حکام نے خواتین کی رضامندی کے بغیر اور منظم انداز میں ان کے رحم میں مانع حمل آلات نصب کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی تھی۔ اسی طرح، یہ فرض کرنے کی بھی کوئی بنیاد نہیں کہ کسی حکومتی ادارے نے آبادی میں اضافے کو محدود کرنے کی کوشش کی۔
تولیدی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہےکہ اگرچہ سرکاری سطح پر معذرت اور معاوضے کے اقدامات خوش آئند ہیں تاہم محض اعتراف اور مالی معاوضہ کافی نہیں۔ معاوضے کی فراہمی کے لیے درخواست دینے کے عمل میں زبان اور ثقافت سے متعلق رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ جسمانی معذور انوئٹ خواتین نظرانداز نہ ہوں۔
ماہرین نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ رپورٹ میں بیان کیے گئے تمام جرائم کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ ان میں جبری مانع حمل کے علاوہ تولیدی حقوق سے متعلق دیگر زیادتیاں، جیسا کہ، جبری گود دینا اور انوئٹ بچوں کو ان کے والدین سے ان کی آزادانہ، پیشگی اور باخبر رضامندی کے بغیر جدا کرنا بھی شامل ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ انوئٹ خواتین کی ہمت نے ان کے حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سچائی، انصاف، صحت اور مفاہمت کی جانب تمام کوششوں میں ان کے وقار، آواز اور حقوق کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔