انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یمن: کمیاب امدادی وسائل سے شعبہ صحت شدید مشکلات کا شکار

حفیدہ الحوبانی یمن میں ایک خیمے کے پاس اپنے بچے کو پکڑے زمین پر بیٹھی ہے، قریب ہی ایک اور باپردہ خاتون بیٹھی ہے۔
© UNICEF اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسف حالیہ کشیدگی میں بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کر رہا ہے۔

یمن: کمیاب امدادی وسائل سے شعبہ صحت شدید مشکلات کا شکار

صحت

یمن میں لڑائی سے متاثرہ اور اندرون و بیرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہونے والے لوگوں کے لیے صحت کے شعبے میں امدادی ضروریات تین کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ ملک میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہیں جبکہ 3,800 افراد نقل مکانی کر کے بحیرہ احمر کے پار جبوتی جا چکے ہیں۔

یمن میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے ڈاکٹر سید جعفر حسین نے کہا ہے کہ یمن کی صورتحال پیچیدہ ہنگامی بحران کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے جبکہ طبی ضروریات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دستیاب وسائل پر سخت دباؤ ہے۔ 

سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کی فوج اور حوثیوں (انصاراللہ) کے درمیان جھڑپوں میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شدت آئی ہے۔ یہ لڑائی زیادہ تر جنوب مغربی صوبے لحج کے ساحلی علاقوں، بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملانے والی آبنائے باب المندب کے قریب، صوبے تعز اور شمالی یمن کے صوبے مآرب میں جاری ہے۔

یمنی حکومت کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ 2 اکتوبر تک 10 صوبوں میں 959 افراد ہلاک اور 4,207 زخمی ہو چکے تھے۔

زخمیوں کے علاج میں مشکلات

لڑائی سے متاثرہ صوبوں میں بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کرنے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔ ان علاقوں میں تقریباً نصف طبی مراکز کو کسی شراکتی ادارے کی مدد حاصل نہیں جس کے باعث ابتدائی طبی امداد، شدید زخمیوں کے علاج اور بیرونی مریضوں کو ضروری خدمات کی فراہمی میں سنگین خلا پیدا ہو گیا ہے۔

ڈاکٹر حسین نے کہا ہے کہ لحج کے ساحلی علاقے اور الضالع میں زخمیوں کو فوری سنبھالنے کے مراکز چلانے والا کوئی شراکت دار موجود نہیں۔ چند ہی امدادی ادارے ایسے ہیں جو زخموں کا علاج مہیا کر سکتے ہیں۔ بے گھر ہونے والے لوگ اس بحران سے کہیں زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے تک ان میں سے ایک فیصد سے بھی کم افراد کو طبی خدمات مل سکی تھیں۔

ہیضہ، ڈینگی اور ملیریا کا پھیلاؤ

مختلف وبائی امراض نے ہنگامی امدادی کارروائیوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ صرف تین ہفتوں کے دوران ہیضے کے مریضوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہو گیا ہے جن میں بے گھر افراد کے کیمپوں میں رہنے والے لوگ بھی شامل ہیں۔ ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

رواں سال خسرہ کے 22 ہزار سے زیادہ مریض سامنے آئے جبکہ اس بیماری کے باعث 128 اموات بھی ہو چکی ہیں۔ بے گھر اور ویکسین سےمحروم بچوں میں یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ان خاندانوں میں غذائی قلت بھی ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے۔ متوقع ایل نینو کے باعث بیماریوں کے پھیلاؤ اور غذائی قلت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

طبی سامان کی قلت

ہسپتالوں کو جراحی کے سامان، بے ہوشی کی ادویات، خون کے ذخیرے کے لیے درکار اشیا اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ ضروری طبی سامان کی ترسیل بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ سست اور مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔ مآرب اور لحج میں زچگی کی ہنگامی خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

'ڈبلیو ایچ او' زخمیوں کے علاج اور ہنگامی طبی خدمات، وبائی امراض سے نمٹنے کی کارروائیوں اور بنیادی صحت کی سہولیات و طبی سامان کی فراہمی میں اضافے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس میں ماں اور نوزائیدہ بچوں کے لیے طبی خدمات بھی شامل ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ فوری طور پر مزید امدادی وسائل فراہم نہ کیے گئے تو دستیاب طبی خدمات اور بڑھتی ہوئی ضروریات کے درمیان خلیج مزید گہری ہوتی چلی جائے گی۔