انسانی کہانیاں عالمی تناظر

دنیا کا محض ملٹی پولر بننا عالمی استحکام کی ضمانت نہیں، گوتیرش

UN سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اسلام آباد، پاکستان میں فارن سروس اکیڈمی میں United Nations ایک تقریب کے دوران ایک پوڈیم سے خطاب کر رہے ہیں۔
UNIC Pakistan/Asad Zaidi اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش پاکستان کی اکادمی برائے خارجہ امور سے خطاب کر رہے ہیں۔

دنیا کا محض ملٹی پولر بننا عالمی استحکام کی ضمانت نہیں، گوتیرش

امن اور سلامتی

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے ایک کثیر القطبی (ملٹی پولر) نظام کی جانب بڑھ رہی ہے، تاہم صرف طاقت کے متعدد مراکز کا وجود عالمی استحکام کی ضمانت نہیں دے سکتا۔

اسلام آباد میں پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا کو تقسیم، عدم تعاون اور بڑھتے ہوئے بحرانوں کا سامنا ہے، جبکہ امن، ترقی اور استحکام کے لیے ایک مضبوط، مؤثر اور زیادہ نمائندہ کثیرالفریقی نظام ناگزیر ہو چکا ہے۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ دنیا ایک نئے عالمی توازن کی جانب بڑھ رہی ہے، لیکن اس نظام کی کامیابی کا انحصار مؤثر بین الاقوامی اداروں اور مضبوط تعاون پر ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کو موجودہ عالمی حقائق کے مطابق مزید نمائندہ اور مؤثر بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آیا دنیا مزید انتشار کی طرف بڑھے گی یا مختلف طاقتوں کے درمیان تعاون اور روابط پر مبنی ایک مربوط عالمی نظام تشکیل پائے گا۔

موسمیاتی بحران و انصاف

سیکرٹری جنرل نے موسمیاتی تبدیلی کو عالمی برادری کے سامنے موجود سب سے بڑے مسائل میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بحران کے اثرات کا عملی تجربہ رکھتا ہے۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلابوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں محض ایک فیصد حصہ ڈالتا ہے، لیکن موسمیاتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک بڑھتا ہوا خطرہ ہے اور اس کے اثرات مسلسل شدید ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی برادری کو صاف توانائی، ماحولیاتی موافقت اور موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت میں نمایاں اضافہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے موسمیاتی انصاف اور ماحولیاتی موافقت  کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ "نقصان اور تلافی فنڈ" کو فوری طور پر فعال اور خاطر خواہ سرمایہ فراہم کیا جانا چاہیے۔ انتونیو گوتیرش نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کی عالمی تبدیلی ایک بڑا معاشی موقع بھی ہے اور پاکستان میں شمسی توانائی کے تیزی سے پھیلاؤ کو اس کی اہم مثال قرار دیا۔

رسمی سوٹ میں تین سینئر مرد اہلکار ایک سرکاری سفارتی تقریب کے دوران ایک آرائشی سرکاری ہال میں ماربل فرش کے ساتھ ایک ساتھ چل رہے ہیں، ان کے ساتھ سیکیورٹی اور فوجی اہلکار بھی ہیں۔
UN Photo/Athar Abbas یو این چیف انتونیو گوتیرش پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ اسلام آباد میں ایک تقریب میں شریک ہونے جا رہے ہیں۔

مصنوعی ذہانت اور ترقی پذیر ممالک

انہوں نے عالمی عدم مساوات اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا تاکہ ترقی پذیر ممالک کو بہتر نمائندگی اور ترقیاتی مالی وسائل تک زیادہ رسائی حاصل ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد تمام انسانیت تک پہنچنے چاہئیں اور اس کے ضابطہ کار کی تشکیل میں ترقی پذیر ممالک کو بھی مؤثر کردار ملنا چاہیے۔

پاکستان، عالمی تعاون اور امن

سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے امن کاروں، مہاجرین کی میزبانی اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک نے بین الاقوامی تعاون، مکالمے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی مسائل کے حل اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم شراکت دار رہ سکتا ہے۔