انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روس میں طاعون سے مشتبہ ہلاکت کی جانچ و تحقیق جاری، ڈبلیو ایچ او

ابر آلود آسمان کے ساتھ غروب آفتاب یا طلوع آفتاب کے وقت سائبیریا، روس میں جھیل بائیکل کا منظر۔
Sergey Rybakov منگولیا کی سرحد کے قریب واقع روس کا علاقہ سائبیریا۔

روس میں طاعون سے مشتبہ ہلاکت کی جانچ و تحقیق جاری، ڈبلیو ایچ او

صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) روس کے علاقے سائبیریا میں ایک میڈیکل لیبارٹری میں طبی کارکن کی پراسرار ہلاکت کے واقعے کا جائزہ لے رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ممکنہ طور پر اس کارکن کی ہلاکت پھیپھڑوں کےطاعون سے ہوئی جبکہ حکام اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

'ڈبلیو ایچ او' کے ترجمان کرسچن لنڈمیئر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ ایرکتسک اوبلاسٹ میں ہلاک ہونے والی خاتون طبی کارکن ایک ایسی لیبارٹری میں کام کرتی تھیں جہاں طاعون سمیت خطرناک جراثیموں پر تحقیق کی جاتی ہے۔ یہ ادارہ سائبیریا کے ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں جنگلی جانوروں میں طاعون قدرتی طور پر پایا جاتا ہے۔

Tweet URL

لیبارٹری میں ہلاک ہونے والی خاتون کی موت کے سبب کی سرکاری طور پر تصدیق تاحال نہیں ہوئی اور اطلاعات کے مطابق، اس حوالے سے ٹیسٹ جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق، روسی حکام نے بتایا ہے کہ اس خاتون سے رابطے میں آنے والے کسی بھی فرد میں کسی خطرناک متعدی بیماری کے جراثیم نہیں پائے گئے۔ خاتون کی بیماری کی ابتدائی علامات عام  شدید وائرل انفیکشن جیسی تھیں۔

پھیپڑوں کا طاعون

طاعون ایک جراثیمی بیماری ہے جو یارسینیا پیسٹس نامی بیکٹیریا سے لاحق ہوتی ہے۔ یہ بیکٹیریا عموماً چھوٹے ممالیہ جانوروں اور ان کے جسم پر موجود پسوؤں میں پایا جاتا ہے۔

پھیپھڑوں کا طاعون اس وقت لاحق ہوتا ہے جب یہ بیکٹیریا سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ طاعون کی یہ قسم خاص طور پر متعدی ہوتی ہے اور کھانسی سے خارج ہونے والی منہ کی رطوبت کے ذریعے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتی رہتی ہے۔ 

'ڈبلیو ایچ او' کے مطابق، اگر اس بیماری کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ اپنی علامات ظاہر کرنے کے 18 سے 24 گھنٹے بعد جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر ابتدائی مرحلے میں ہی اس کا علاج شروع کر دیا جائے تو عام جراثیم کش ادویات بھی اس کے خلاف موثر ثابت ہوتی ہیں۔ 

خطرناک وبا کی عدم موجودگی

ترجمان نے بتایا کہ کہ ہلاک ہونے والی خاتون کے ساتھ رابطے میں آنے والے تمام افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کی طبی نگرانی جاری ہے۔ روسی حکام کے مطابق، اب تک ان میں سے کسی فرد میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

'ڈبلیو ایچ او' کے مطابق، دستیاب معلومات کی بنیاد ایرکتسک کے لیے وبا کا خطرہ اوسط درجے سے کم جبکہ روس اور یورپی خطے کے لیے بہت کم ہے۔ مزید معلومات سامنے آنے کے ساتھ اس خطرے کے جائزے بارے تازہ ترین اطلاعات فراہم کی جائیں گی۔ 

ادارے نے کہا ہے کہ اگر روسی حکام مدد طلب کریں تو وہ اس معاملے میں ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔