دنیا کے تقریباً 35 کروڑ بچوں کو ال نینو کے ممکنہ اثرات کا سامنا، یونیسف
عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال اکتوبر سے دسمبر کے دوران تقریباً 100 ممالک اور علاقوں میں 34 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ بچوں کو ال نینو موسمی کیفیت کے باعث معمول سے ہٹ کر شدید بارشوں اور سیلاب سے نقصان ہو سکتا ہے۔
یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل کا کہنا ہے کہ بچوں کے لیے ال نینو محض ایک موسمیاتی رجحان نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں ان کے لیے بے گھر ہونے، غذائی قلت، پانی کی کمی اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ بچوں کو تعلیم سے بھی محروم ہونا پڑ سکتا ہے جبکہ خاندانوں پر اضافی مالی مشکلات کا بوجھ آنے کا خدشہ ہے۔
یہ بچے ان علاقوں میں رہتے ہیں جہاں ال نینو کے باعث موسم معمول سے زیادہ خشک یا زیادہ مرطوب ہونے کا امکان ہے۔ ان حالات میں ایسے بچوں کو تحفظ دینے کے لیے پیشگی انتظامات کرنا ہوں گے۔
ایشیا اور الکاہل میں خطرناک حالات
یونیسف کی جانب سے اس ضمن میں منگل کو جاری کیے گئے تجزیے کے مطابق:
- ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں سب سے زیادہ بچے متاثر ہو سکتے ہیں جہاں ایسے موسمی حالات کا سامنا کرنے والے بچوں کی تعداد تقریباً 19 کروڑ ہے۔ اس کے بعد مشرقی و جنوبی افریقہ میں چار کروڑ 10 لاکھ، لاطینی امریکہ اور غرب الہند میں چار کروڑ 10 لاکھ، یورپ اور وسطی ایشیا میں دو کروڑ 20 لاکھ، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں دو کروڑ جبکہ مغربی و وسطی افریقہ میں بھی تقریباً دو کروڑ بچے متاثر ہو سکتے ہیں۔
- شاخ افریقہ بالخصوص صومالیہ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس کے نتیجے میں دریاؤں میں اچانک سیلاب، آلودہ پانی سے بیماریوں کے پھیلاو اور بچوں کی تعلیم میں خلل آنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
بچوں کی بقا کے لیے خطرہ
شدید موسمی واقعات میں اضافے کے ساتھ بچوں کو اپنے خاندانوں سے بچھڑنے، تشدد و استحصال کا نشانہ بننے اور کم عمری کی شادی جیسے خطرات بھی لاحق ہو جاتے ہیں۔
افغانستان اور چاڈ جیسے بحران اور تنازعات سے متاثرہ ممالک میں رہنے والے بچوں کے لیے ال نینو بقا کے لیے براہ راست خطرہ بن سکتا ہے۔
دنیا بھر میں 1.1 ارب یا نصف بچے پہلے ہی کم از کم تین ایسے موسمیاتی خطرات کا سامنا کر رہے ہیں جو ایک دوسرے پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ ان میں خشک سالی، شدید گرمی اور سیلاب شامل ہیں۔ 2016 سے 2023 کے درمیان موسمیاتی آفات کے باعث روزانہ 20 ہزار سے زیادہ بچے بے گھر ہوئے۔
گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلی سے متعلق واقعات کے باعث دنیا بھر میں اندازاً 17 کروڑ 10 لاکھ طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی۔ ال نینو کے باعث یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پیشگی تحفظ کی اہمیت
یونیسف نے کہا ہے کہ آفات کے خطرے میں کمی لانے اور ان سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات پر خرچ کیے جانے والے ہر ایک امریکی ڈالر سے بحالی کے اخراجات میں 15 ڈالر تک کی بچت ہو سکتی ہے۔ اس کے باوجود انسانی امداد کے لیے مختص وسائل میں ایک فیصد سے بھی کم رقم پیشگی اقدامات کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
یونیسف نے حکومتوں، عطیہ دہندگان اور شراکتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پیشگی سرمایہ کاری کی جائے، موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے نظام مضبوط بنائے جائیں، بچوں کے لیے ضروری بنیادی خدمات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور انسانی امداد کی ضرورت مند آبادیوں تک بروقت رسائی ممکن بنائی جائے۔