انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مصنوعی ذہانت پر قانون سازی کا وقت تیزی سے گزر رہا ہے، وولکر ترک

وولکر ترک جنیوا میں اے آئی گورننس پر عالمی ڈائیلاگ کے دوران ایک پوڈیم پر خطاب کر رہے ہیں۔
© ITU/Antoine Tardy اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک مصنوعی ذہانت کے موضوع پر جنیوا میں ایک کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو)۔

مصنوعی ذہانت پر قانون سازی کا وقت تیزی سے گزر رہا ہے، وولکر ترک

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کے پاس مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے حفاظتی حدود اور ضوابط مقرر کرنے کا وقت تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔

ہائی کمشنر نے مصنوعی ذہانت اور انسانی حقوق کے حوالے سے برطانیہ کے شہر آکسفرڈ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی سائنس، صحت، تعلیم حتیٰ کہ انسانی حقوق کے شعبے میں بھی غیرمعمولی ترقی کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم، اس کے بیشتر ذرائع چند مخصوص طاقتور اداروں کے ہاتھوں میں تیار ہو رہے ہیں اور انہی کے زیر کنٹرول ہیں جبکہ ان پر عوامی نگرانی کا موثر نظام موجود نہیں ہے۔

Tweet URL

ان کا کہنا تھا، مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت پہلے ہی ایسے کام انجام دے رہی ہے جن کے نتائج کی اس کے تخلیق کار بھی مکمل طور پر پیش گوئی نہیں کر سکتے اور نہ ہی ان پر قابو پانے کی قدرت رکھتے ہیں۔

مساوات، آزادی اور رازداری

وولکر ترک نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت بتدریج اور غیر محسوس انداز میں مساوات، آزادی، رازداری اور عوامی مباحثے کو نقصان پہنچا سکتی ہے، یہاں تک کہ ظلم اور برائی معاشروں میں خاموشی سے جگہ بنا لے اور لوگوں کو اس کا احساس بھی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے پوری کی پوری آبادی کو صرف ایک بٹن دبا کر رابطوں کے ذرائع، صاف پانی، حرارت اور مالیاتی خدمات تک رسائی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت پہلے ہی جنگ کے طریقہ کار اور اس کی نوعیت کو تبدیل کر رہی ہے۔ ایسی مشینوں کے استعمال پر پابندی ہونی چاہیے جو یہ فیصلہ کریں کہ کون زندہ رہے گا اور کون نہیں

انہوں نے ایسے جائزوں کا حوالہ بھی دیا جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ جو طلبہ مصنوعی ذہانت پر زیادہ انحصار کرتے ہیں وہ کم چیزیں یاد رکھتے ہیں آزادانہ سوچ کھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا دنیا ایسے مستقبل کی جانب بڑھ رہی ہے جہاں کوئی بھی اس ٹیکنالوجی کو سمجھنے، اس پر سوال یا حتیٰ کہ اس کی سمت متعین کرنے کے قابل بھی نہیں رہے گا؟

لازمی حفاظتی اقدامات

وولکر ترک نے مطالبہ کیا کہ مصنوعی ذہانت کی تیاری اور استعمال میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے لازمی حفاظتی اقدامات اور باقاعدہ جانچ پڑتال کا نظام نافذ کیا جائے۔ جن ممالک میں مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنیاں موجود ہیں، یا جو ان کمپنیوں کی سپلائی چین پر اثرانداز ہو سکتے ہیں انہیں لازم بنانا ہو گا کہ یہ کمپنیاں ذمہ داری سے کام کریں اور اگر وہ ایسا نہیں کرتیں تو انہیں جوابدہ بھی ٹھہرایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل موجودہ قوانین میں نہیں مل سکتا اور بعض شعبوں کے لیے نئے قانونی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہو گی۔ تاہم، اس دوران ذمہ داری، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق قوانین کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر لوگوں کو کسی حد تک تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

کڑے ضوابط کا خیرمقدم

ہائی کمشنر نے اقوام متحدہ کے زیراہتمام مصنوعی ذہانت کے عالمی انتظام سے متعلق عالمگیر مکالمے اور اس ٹیکنالوجی کے بارے میں آزاد بین الاقومی سائنسی پینل کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ 

انہوں نے مصنوعی ذہانت کے جدید ترین اور انتہائی طاقتور ماڈلز پر زیادہ سخت کنٹرول کے لیے 29 ممالک اور یورپی یونین کی حمایت سے جاری مشترکہ مطالبے کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔

ہائی کمشنر نے بتایا کہ تین ہفتے قبل انہوں نے رکن ممالک اور جدید ترین مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی کمپنیوں کو خطوط لکھ کر ان پر زور دیا تھا کہ وہ خطرات کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ اگر اس معاملے میں تیزی سے پیشرفت نہ کی گئی تو موجودہ اور آئندہ نسلوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔