انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمی مسائل کے حل اور امن کاری میں پاکستان کا کردار قابل تحسین، گوتیرش

UN سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس وزارت خارجہ میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس سٹیک آؤٹ کے دوران شیشے کے پوڈیم پر گفتگو کر رہے ہیں۔
United Nations اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے آغاز کے پہلے دن منگل کو پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔

عالمی مسائل کے حل اور امن کاری میں پاکستان کا کردار قابل تحسین، گوتیرش

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش نے پاکستان کو یکجہتی اور مسائل کے حل کا ’سرچشمہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں مختلف عالمی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران انہوں نے بارہا دیکھا ہے کہ پاکستان مشکل حالات میں بھی ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔

اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے آغاز پر منگل کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتونیو گوتیرش نے کہا کہ وہ اپنے دورِ سیکریٹری جنرل کے آخری مہینوں میں یہاں آئے ہیں کیونکہ پاکستان عالمی مکالموں میں ایک اہم اور منفرد نقطہ نظر پیش کرتا ہے اور بارہا ثابت کر چکا ہے کہ وہ عالمی مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔

افغان مہاجرین کی میزبانی

انہوں نے اس وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا جب وہ اقوام متحدہ میں ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے تھے تو انہوں نے دیکھا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک تنازعات اور عدم استحکام سے بچ کر آنے والے لاکھوں افغانوں کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے اور مقامی لوگوں نے بھی ان کے ساتھ اپنے وسائل بانٹے۔

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتا رہے گا کہ افغان مہاجرین کی واپسی رضاکارانہ، محفوظ اور باوقار انداز میں ہو۔

مشرق وسطیٰ میں امن

سیکریٹری جنرل نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ ان کے بقول پاکستان کی کوششوں نے 17 جون کے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے، بعد ازاں جنگ بندی اور مزید مذاکرات کے فریم ورک کی راہ ہموار کی۔

انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تنازع ختم کریں، سفارت کاری کی طرف واپس آئیں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق بحری آمدورفت کے حقوق اور آزادیوں کو مکمل طور پر بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

سلامتی کونسل میں پاکستان کا کردار

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ رکنیت کے دوران پاکستان نے کثیرالفریقی تعاون، مکالمے، ثالثی، اور سفارت کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مرد و خواتین امن دستوں نے دنیا کے مشکل ترین علاقوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور 180 سے زیادہ پاکستانی امن کار فرائض کی انجام دہی کے دوران  اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور ڈنمارک کی جانب سے سلامتی کونسل کی قرارداد 2823 کی قیادت کو بھی سراہا، جس کا مقصد اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے خلاف جرائم پر جوابدہی کو ممکن بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قرارداد کی 153 ممالک نے مشترکہ حمایت کی، جو اقوام متحدہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

دہشت گردی کے موضوع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس خطرے کے نتیجے میں بے پناہ جانی نقصان اٹھایا ہے اور اقوام متحدہ کا ادارہ اس چیلنج سے نمٹنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مؤثر انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ہونے چاہئیں۔

موسمیاتی بحران کے اثرات

انتونیو گوتیرش نے 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے دوران پاکستان کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تباہی کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کی غیر معمولی ثابت قدمی بھی دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ مضر ماحول گیسوں کے عالمی اخراج میں معمولی حصہ رکھنے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ دوسری طرف وہ نقصانات و ازالہ فنڈ کے قیام اور صاف توانائی کے فروغ میں قائدانہ کردار بھی ادا کر رہا ہے۔

سیکریٹری جنرل نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی مالیات، ٹیکنالوجی اور معاونت سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں تاکہ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی خطرات کا بہتر مقابلہ کر سکیں۔

اپنی گفتگو کے اختتام پر انتونیو گوتیرش نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور عالمی امور میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔