انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: امدادی قافلے پر حملے میں ڈرائیور کی ہلاکت پر تشویش

طبی سامان لے جانے والے ڈبلیو ایچ او کے ٹرک سوڈان میں دھول بھری سڑک پر کھڑے ہیں۔
© WHO کردفان میں ضرورت مندوں تک امدادی سامان لے جانے والے ٹرک (فائل فوٹو)۔

سوڈان: امدادی قافلے پر حملے میں ڈرائیور کی ہلاکت پر تشویش

امن اور سلامتی

عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی)نے سوڈان کی ریاست جنوبی کردفان میں گزشتہ ہفتے امدادی سامان لے جانے والے دو ٹرکوں پر مہلک فضائی حملے کی مذمت کی ہے جس میں ایک ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔

ادارے نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت خدمات انجام دینے والے یہ ٹرک 'ڈبلیو ایف پی' کا فراہم کردہ غذائی سامان لے کر دلنگ سے کادقلی جا رہے تھے جن پر واضح انداز میں لکھا تھا کہ یہ 'انسانی امداد لے جانے والی گاڑی' ہے۔

اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں جبکہ 'ڈبلیو ایف پی' نے واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کا احتساب کیا جانا چاہیے۔

اس واقعے سے ایک روز قبل ادارے کا ایک امدادی ٹرک دلنگ میں خوراک تقسیم کرنے کے بعد واپس جاتے ہوئے دھماکا خیز مواد سے ٹکرا گیا تھا۔

'ڈبلیو ایف پی' نے کہا ہے کہ یہ واقعات سوڈان میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور ضرورت مند آبادیوں تک امداد پہنچانے والے کارکنوں کو درپیش خطرات کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں۔ ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سوڈان بھر میں ان لاکھوں افراد تک محفوظ طریقے سے ضروری مدد پہنچاتا رہے گا جو انسانی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔

ہنگامی امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، گزشتہ سال سوڈان میں تین کروڑ سے زیادہ لوگوں کو انسانی امداد کی ضرورت تھی۔

'ڈبلیو ایف پی' نے تنازع کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کریں، شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنائیں اور انسانی امداد پہنچانے والے عملے اور امدادی سامان کو محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کریں۔