انسانی کہانیاں عالمی تناظر

موسمیاتی بحران: گرمی سے مسائل حمل میں پیچیدگیوں کا خطرہ، سائمن سٹیئل

ایک حاملہ خاتون ، میتیکی دیسٹا ، ایک دروازے پر کھڑی ہے جبکہ صحت کی توسیع کرنے والی کارکن یشی ورک بیلائی اس کے پیٹ پر تسلی بخش ہاتھ رکھتی ہے ، جو ایتھوپیا میں ضروری ماؤں کی دیکھ بھال کو یقینی بناتی ہے۔
© UNICEF/Raphael Pouget شدید گرمی کا قبل از وقت پیدائش، مردہ و کم وزن بچوں کی پیدائش اور ماں کو لاحق پیچیدگیوں کے ساتھ تعلق تیزی سے سامنے آ رہا ہے۔

موسمیاتی بحران: گرمی سے مسائل حمل میں پیچیدگیوں کا خطرہ، سائمن سٹیئل

موسم اور ماحول

موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی میں اضافے کے ساتھ حمل اور بچوں کی پیدائش عالمی موسمیاتی بحران میں خطرے کی ایک نئی لکیر بن گئے ہیں۔ رکن ممالک کو اپنی موسمیاتی منصوبہ بندی میں ماؤں اور نومولود بچوں کی صحت کو بھی شامل کرنا ہو گا۔

انہوں نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس (کاپ 31) سے قبل فلاحی ادارے ویلکم کے زیراہتمام فجی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ ہائے حرارت، اہداف اور مالی وسائل سے کہیں زیادہ سادہ سوال ہے کہ آیا ہم زندگی کو اس وقت محفوظ رکھتے ہیں جب وہ سب سے زیادہ نازک ہوتی ہے۔

Tweet URL

انہوں نے کہا کہ حمل کے دوران شدید گرمی کا قبل از وقت پیدائش، مردہ و کم وزن بچوں کی پیدائش اور ماں کو لاحق پیچیدگیوں کے ساتھ تعلق تیزی سے سامنے آ رہا ہے۔

خطرے کی گھنٹی

انہوں نے ویلکم کی جانب سے پانچ براعظموں کے پانچ ممالک میں زچگی اور ماں کی صحت سے وابستہ طبی ماہرین کے ایک سروے سے حاصل کردہ نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 73 فیصد ماہرین بتاتے ہیں، گزشتہ پانچ برس کے دوران شدید گرمی کے منفی طبی اثرات یا طبی پیچیدگیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

81 فیصد ماہرین نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر مزید اقدامات نہ کیے گئے تو شدید گرمی مستقبل میں ماؤں، جنین اور نومولود بچوں کی صحت کو بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار کرے گی۔

اس جائزے میں تقریباً تمام جواب دہندگان نے کسی نہ کسی ایسی حاملہ خاتون یا بچے کی دیکھ بھال کی تھی جس کی صحت شدید گرمی سے متاثر ہوئی۔

'ٹھنڈی جگہوں کی ضرورت'

سائمن سٹیئل نے کہا کہ، اگرچہ شدید گرمی کے خطرے سے کوئی بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں لیکن اس کے اثرات سب پر یکساں نہیں ہوتے۔ جو لوگ کھلے آسمان تلے کام کرتے ہیں، غیر معیاری یا بغیر مناسب انتظام کے گھروں میں رہتے ہیں، طبی مرکز تک پہنچنے کے لیے طویل سفر کرتے ہیں یا ایسے مراکز پر انحصار کرتے ہیں جہاں پانی، بجلی یا ٹھنڈک کا مناسب انتظام نہ ہو تو انہیں محض احتیاطی مشوروں کے ذریعے محفوظ نہیں رکھا جا سکتا۔

جب رہنے کے لیے کوئی ٹھنڈی جگہ ہی موجود نہ ہو تو خود کو ٹھنڈا رکھنا ایک ناممکن ہدایت بن کر رہ جاتا ہے۔ محفوظ زچگی پہلے ہی جغرافیائی محل وقوع، آمدنی اور طبی سہولیات تک رسائی سے متاثر ہوتی ہے۔ اگر اقدامات نہ کیے گئے تو شدید گرمی اس ناانصافی کو مزید بڑھا دے گی۔

غریب ممالک کی مالی معاونت

سائمن سٹیئل نے کہا کہ جزائر پر مشتمل ترقی پذیر ملکوں اور ایسے دیگر ممالک کے لیے یہ نتائج بڑے پیمانے پر عالمی معاونت کی ضرورت کو واضح کرتے ہیں جنہوں نے موسمیاتی بحران پیدا کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ 

انہوں نے برازیل کے شہر بیلیم میں ہونے والی 'کاپ 30' میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے غریب ممالک کی مالی معاونت میں تین گنا اضافے کے طے شدہ وعدے کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کو پورے عالمی مالیاتی نظام کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے سالانہ 1.3 ٹریلین ڈالر کی مالی معاونت کو حقیقت بنایا جا سکے۔

تین ترجیحات

سائمن سٹیئل نے اس حوالے سے تین اہم ترجیحات بیان کیں:

  • حمل اور نومولود بچوں کی نگہداشت کو موسمیاتی موافقت، شدید گرمی اور صحت سے متعلق منصوبہ بندی کا حصہ بنایا جائے۔
  • تحقیق اور شواہد کو عملی تحفظ میں تبدیل کیا جائے جس کے لیے رہنما اصول، طبی عملے کی تربیت، شدید گرمی کے انتباہی نظام اور محفوظ تر طبی مراکز ضروری ہیں۔
  • معلومات کو بہتر بنایا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ خطرات کہاں بڑھ رہے ہیں اور کون سے اقدامات موثر ثابت ہو رہے ہیں۔