افغانستان: آئی سی سی نے طالبان قیادت کے وارنٹ گرفتاری کھول دیے
بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ اور ملک کے چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کی گرفتاری کے وارنٹ ظاہر کر دیے ہیں جن پر ملک میں خواتین اور لڑکیوں کو منظم طور پر مظالم و امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔
عدالت نے گزشتہ سال جولائی سے ستمبر کے درمیان دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جنہیں سربمہر رکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں، عدالت کی جانب سے طالبان عہدیدار حبیب اللہ آغا اور ندا محمد ندیم کے وارنٹ گرفتاری کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔
'آئی سی سی' کے مطابق، یہ یقین کرنے کی معقول بنیاد موجود ہے کہ چاروں افراد نے انسانیت کے خلاف جرم، یعنی ظلم کا حکم دینے، اس پر اکسانے یا اس کی ترغیب دینے میں مجرمانہ کردار ادا کیا۔ یہ ظلم صنفی بنیاد پر لڑکیوں، خواتین اور ان تمام افراد کے خلاف کیا گیا جو صنف، صنفی شناخت یا صنفی اظہار سے متعلق طالبان کی نافذ کردہ پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔ علاوہ ازیں، ایسے افراد کو بھی سیاسی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا جنہیں لڑکیوں اور خواتین کے حامی سمجھا جاتا تھا۔
عدالت کے مطابق یہ جرائم افغانستان میں 15 اگست 2021 میں طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد کم از کم 20 جنوری 2025 تک جاری رہے۔
بنیادی حقوق کی خلاف ورزی
عدالت نے قرار دیا ہے کہ طالبان نے ایسی پالیسی نافذ کی جس کے نتیجے میں شہری آبادی کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی سنگین خلاف ورزی ہوئی جس میں قتل، قید، تشدد، جنسی زیادتی اور جبری گمشدگی جیسے جرائم شامل ہیں۔
اگرچہ طالبان کے بعض قوانین تمام لوگوں پر لاگو ہوتے تھے تاہم لڑکیوں اور خواتین کو خاص طور پر ان کی جنس کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔ احکامات کے ذریعے انہیں تعلیم، نجی اور خاندانی زندگی کے حقوق سے محروم کیا گیا جبکہ نقل و حرکت، اظہار رائے، فکر، ضمیر اور مذہب کی آزادیوں پر بھی کڑی پابندیاں عائد کی گئیں۔
دیگر افغان شہریوں کو بھی اس بنیاد پر نشانہ بنایا گیا کہ ان کے جنسی رجحان یا صنفی شناخت کے بعض اظہار طالبان کی پالیسیوں سے متصادم تھے۔
منظم اور ادارہ جاتی نقصان
عدالت کے مطابق، صنفی بنیاد پر ہونے والے ظلم و ستم کا جائزہ لیتے وقت سماجی طور پر تشکیل پانے والے کرداروں، رویوں، توقعات اور درجہ بندی کو مدنظر رکھنا ضروری ہے جو روایتی طور پر جنس کی بنیاد پر لوگوں سے وابستہ کی جاتی ہیں۔
ایسے مظالم میں براہ راست تشدد ہی شامل نہیں ہوتا بلکہ منظم اور ادارہ جاتی نوعیت کا نقصان بھی اس کے دائرے میں آتا ہے جس میں مخصوص لوگوں کے خلاف امتیازی سماجی اصولوں کو مسلط کرنا بھی شامل ہے۔
ابتدائی طور پر یہ وارنٹ خفیہ رکھے گئے تھے تاکہ متاثرین اور گواہوں کا تحفظ کیا جا سکے اور عدالتی کارروائی کی سلامتی برقرار رہے تاہم عدالت نے ان کے وجود کی تصدیق کر دی تھی۔
اس وقت بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ طالبان کی قیادت کے دیگر اعلیٰ ارکان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کے لیے بھی درخواستیں دائر کی جائیں گی۔