عالمی یوم مسکن پر اقوام متحدہ کا اپنا گھر انسانی حق ہونے پر زور
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ سب کے لیے مناسب رہائش، وقار، تحفظ اور مواقع کی بنیاد ہے لیکن تین ارب سے زیادہ لوگ اس بنیادی انسانی حق سے محروم ہیں۔ ان کے لیے حکومتوں کو مربوط اقدامات، مضبوط شراکت داری اور بہتر معلومات کی بنیاد پر پالیسی سازی سے کام لینا ہو گا۔
عالمی یوم مساکن پر اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ لوگ غیر رسمی بستیوں اور کچی آبادیوں میں رہتے ہیں جبکہ بہت سے ایسے ہیں جن کے پاس سرے سے گھر ہی نہیں ہے یا انہیں تنازعات، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
مناسب رہائش میں سرمایہ کاری اور غیر رسمی بستیوں کو بہتر بنانے سے غربت میں کمی آتی ہے، عدم مساوات کا خاتمہ ہوتا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مقابل مضبوطی پیدا ہوتی ہے اور پرامن و مشمولہ معاشروں کے فروغ میں مدد دیتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو رہائش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مناسب، قابل بھروسہ اور قابل استطاعت مالی وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
'سب کے لیے مناسب رہائش'
عالمی یوم مساکن کی مناسبت سے حکومتوں، سول سوسائٹی اور علمی و تحقیقی اداروں کے نمائندے سوموار کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں جمع ہوئے جہاں انہوں نے رہائش کے سنگین بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا جو تقریباً 3.4 ارب افراد کو متاثر کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ مساکن (یو این ہیبیٹٹ) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلاڈیا روسبیخ نے امسال اس دن کے بنیادی موضوع 'سب کے لیے مناسب رہائش' پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مناسب رہائش کوئی آسائش نہیں بلکہ باوقار زندگی اور پائیدار شہروں کی بنیاد ہے۔ رہائش، زمین اور بنیادی سہولیات کو عوامی ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے مقامی آبادیوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے درمیان موثر تعاون ضروری ہے۔
غربت کا جال
اقوام متحدہ کی ہیبیٹٹ اسمبلی کے صدر اور ملائشیا کے وزیر ہاؤسنگ نگا کور منگ نے اجلاس سے ویڈیو خطاب میں ان خاندانوں کی مشکلات اجاگر کیں جو ایسے گھروں میں رہتے ہیں جہاں انہیں قانونی تحفظ حاصل نہیں اور وہ بنیادی صفائی اور صاف پانی جیسی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ جس گھر میں صاف پانی، تحفظ یا قانونی ضمانت نہ ہو وہ حقیقی معنوں میں گھر نہیں بلکہ غربت کا جال ہے۔ اسی لیے سب کے لیے مناسب رہائش یقینی بنانے کی غرض سے عارضی حل سے آگے بڑھ کر نظام میں بنیادی تبدیلی لانا ہو گی۔
مناسب رہائش کے 7 معیار
اینا کلاڈیا روسبیخ نے وضاحت کی کہ اقوام متحدہ کے فریم ورک برائے انسانی حقوق کے تحت کسی رہائش کو اسی وقت ہی مناسب قرار دیا جا سکتا ہے جب وہ سات بنیادی معیارات پر پورا اترتی ہو، جن میں بنیادی سہولیات کی دستیابی، رہائش کے قابل ہونا، استطاعت، مناسب محل وقوع اور رسائی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی خاندان کے سر پر چھت تو ہو سکتی ہے، لیکن اگر وہ کرایے کی مد میں اس قدر بڑی رقم خرچ کر رہا ہو کہ کھانے، تعلیم یا علاج معالجے کے لیے بہت کم رقم بچتی ہو تو اسے مناسب رہائش نہیں کہا جا سکتا۔ اسی طرح، کوئی گھر سستا تو ہو سکتا ہے مگر وہ روزگار، سکولوں یا پبلک ٹرانسپورٹ سے بہت دور واقع ہو تو وہ بھی حقیقی معنوں میں مناسب رہائش نہیں۔
یہ دن ادارہ مساکن کی 'شہری اکتوبر' نامی مہم کا آغاز بھی ہوتا ہے۔ ایک ماہ جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد مناسب رہائش اور پائیدار شہری ترقی کے لیے آگاہی اور عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ اس مہم کا اختتام 31 اکتوبر کو شہروں کے عالمی دن پر ہوتا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اس عالمی دن پر ایسی دنیا کی تعمیر کا عہد کیا جائے جہاں ہر فرد کے پاس اپنا گھر ہو۔