انسانی کہانیاں عالمی تناظر

میانمار: وولکر ترک کی راخائن پر حکومتی فضائی حملوں کی کڑی مذمت

ینگون، میانمار میں گاڑی والے ٹریفک کے چلنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پیدل چلنے والے فٹ پاتھ پر گاڑیوں اور ٹیکسیوں کی لمبی لائن کے ساتھ چلتے ہیں۔
Asian Development Bank/Lester Ledesma میانمار کا شہر رنگون۔

میانمار: وولکر ترک کی راخائن پر حکومتی فضائی حملوں کی کڑی مذمت

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے میانمار کی ریاست راخائن میں بازار پر فضائی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سرکاری فوج کے اس حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 50 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

فوج نے سوموار کی دوپہر کیاوک تاؤ ٹاؤن شپ کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 58 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حملے کے وقت بازار اور اس کے اطراف میں لوگوں کا ہجوم تھا۔ اس بازار میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی 200 سے زیادہ دکانیں ہیں۔

Tweet URL

ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ اس حملے سے عسکری کارروائیوں کے دوران بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کے حوالے سے سنگین خدشات نے جنم لیا ہے۔ عالمی قانون کے تحت جنگی فریقین کے لیے ضروری ہے کہ وہ امتیاز، تناسب اور حملے کے دوران ضروری احتیاط کے اصولوں کی پابندی کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسے حملے ملک میں شہریوں کو درپیش انتہائی سنگین صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ ملک میں ناجائز گرفتاریوں، تشدد، جنسی اور صنفی بنیاد پر مظالم، جبری گمشدگیوں، جبری مشقت اور جنگی مقاصد کے لیے جبری بھرتیوں کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ ان کارروائیوں سے روہنگیا برادری بری طرح متاثر ہو رہی ہے جن میں میانمار کی فوج کے علاوہ اراکان آرمی بھی ملوث ہے جس کا راخائن کے بڑے حصے پر قبضہ ہے۔

پناہ گزینوں کی ملائشیا بدری

کیاوک تاؤ میں یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب ملائشیا نے میانمار کے تقریباً 5,000 شہریوں کو ملک بدر کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کیا۔ ہائی کمشنر نے ملائشیا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس عمل کو فوری طور پر روک دیں۔

وولکر ترک زور دیتے آئے ہیں کہ موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر کسی بھی فرد کو میانمار واپس نہ بھیجا جائے جہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں اور بہت سے لوگوں کو واپسی پر دوبارہ اسی نوعیت کے تشدد کا حقیقی خطرہ درپیش ہے۔ پناہ گزینوں کی جبری واپسی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہو سکتی ہے

پناہ کے حق کو تحفظ

ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ اس بارے میں شبے کی گنجائش نہیں کہ واپس جانے والے بہت سے لوگوں کو خطرناک حالات کا سامنا ہو گا۔ موجودہ صورتحال میں کسی بھی فرد کی واپسی کو حقیقی معنوں میں رضاکارانہ قرار دینا انتہائی مشکوک ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دیگر ممالک کو آگے بڑھ کر بنگلہ دیش اور ملائشیا جیسے ممالک کی مدد کرنی چاہیے جو پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہے ہیں اور ان کے لیے متبادل حل تلاش کرنا چاہییں۔

وولکر ترک کا کہنا ہے کہ میانمار میں زندگی کو لاحق خطرے کے پیش نظر نقل مکانی کرنے والے لاکھوں لوگوں کا تحفظ کیا جانا چاہیے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پناہ اور بیرون ملک تحفظ حاصل کرنے کے بنیادی انسانی حق کو مدنظر رکھا جانا ضروری ہے۔