ماہرین کی تارکین وطن کو کسی تیسرے ملک بھیجنے کے امریکی منصوبے پر تنقید
انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے آزاد ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے تارکین وطن اور پناہ کے متلاشی افراد کو تیسرے ممالک بھیجنے کی پالیسی کے باعث انہیں تشدد، مظالم اور جبری گمشدگی جیسے خطرات کا سامنا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کے اس منصوبے کے نقصانات اب مفروضہ نہیں رہے بلکہ ان سے حقوق کی پامالیوں کا وسیع سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔ دوسری جانب، ملک سے نکالے گئے تارکین وطن کو قبول کرنے والے ممالک پناہ گزینوں کو ان کی مرضی کے خلاف واپس بھیجنے کی ممانعت کے عالمی قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
تارکین وطن اور پناہ کے متلاشی افراد کی منتقلی کے معاہدے 35 سے زیادہ ممالک اور علاقوں تک پھیل چکے ہیں جہاں ان کے حقوق کا موثر تحفظ ممکن نہیں۔
ماہرین کے مطابق، امریکی حکومت اب تک کم از کم 23 ہزار ایسے غیر ملکی شہریوں کو 29 ممالک اور علاقوں میں بھیج چکی ہے جبکہ یہ لوگ وہاں کے شہری نہیں ہیں۔ اس منصوبے کا دائرہ پناہ کے متلاشی ایسے افراد اور تارکین وطن تک بھی پھیلا ہوا ہے جو اپنی امیگریشن کارروائی کے مختلف مراحل میں ہیں۔ شفافیت کے فقدان کے باعث یہ عمل بڑی حد تک جمہوری نگرانی اور آزادانہ انسانی حقوق کی جانچ سے باہر ہے۔
انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں
ماہرین نے خبردار کیا ہے پناہ گزینوں کی جبری واپسی کے علاوہ ان انتظامات نے انسانی حقوق کی متعدد دیگر پامالیوں کی راہ بھی ہموار کر دی ہے۔ ان میں ناجائز حراست اور بیرونی دنیا سے رابطوں پر پابندی، جبری گمشدگی، قانونی معاونت تک ناکافی رسائی، منصفانہ قانونی کارروائی سے محرومی، خاندانوں کے ارکان کی علیحدگی، امتیازی سلوک، بے گھری، غلامی، انسانی سمگلنگ، ذہنی صحت و بہبود پر سنگین منفی اثرات اور طبی سہولتوں و بنیادی خدمات تک رسائی کا فقدان شامل ہیں۔
بچے، خواتین، جسمانی معذور افراد، انسانی سمگلنگ کے متاثرین، ایل جی بی ٹی کیو آئی افراد، انسانی حقوق کے کارکن، بے وطن اور انتہائی کمزور حالات سے دوچار دیگر لوگ اس پالیسی سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
تیسرے ملک میں خطرات
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی تیسرے ملک میں منتقلی ان لوگوں کے لیے صدمہ انگیز اور تنہائی کا باعث ہو سکتی ہے اور ان تکالیف میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جن کے باعث وہ پہلے ہی امریکہ جانے پر مجبور ہوئے تھے۔ بعض افراد کو ایسے ممالک میں بھیجا جا رہا ہے جہاں انہیں جنس، جنسی رجحان، صنفی شناخت یا انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی بنیاد پر مزید تشدد یا امتیازی سلوک کا خطرہ ہوتا ہے۔
انتہائی کمزور حالات سے دوچار تارکین وطن کے لیے اس کے نتائج جان لیوا ہو سکتے ہیں۔ انہیں ایسے ممالک میں منتقل کیا جا سکتا ہے جہاں پناہ کی درخواستوں پر کارروائی کا کوئی موثر نظام اور حفاظتی حراستی مراکز، مناسب طبی سہولتیں یا مستقل بنیاد پر معاشرے میں دوبارہ شامل ہونے کے قابل عمل انتظامات موجود نہیں۔
ایسے کئی ممالک خود بھی تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں اور ان کی اپنی آبادی نقل مکانی، بھوک اور تباہ کن غربت کا سامنا کر رہی ہے اور یہ ملک امریکہ سے بھیجے گئے لوگوں کے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے۔
بعض انتظامات کے تحت صرف عارضی طور پر ہی ان لوگوں کو قبول کیا جاتا ہے جس کے بعد تیسرے ملک کو اختیار ہوتا ہے کہ وہ انہیں اپنی صوابدید پر کسی اور ملک بھیج دے۔ بعض ممالک تارکین وطن پر دباؤ ڈال سکتے ہیں کہ وہ اپنے آبائی ملک واپس جانے پر رضامند ہو جائیں جبکہ انہیں وہاں سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
بنیادی حقوق اور ریاستی ذمہ داریاں
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جب بنیادی انسانی حقوق پامال ہونے کا خطرہ ہو تو کوئی ملک تارکین وطن اور پناہ کے متلاشی افراد کے حوالے سے انسانی حقوق اور دیگر قانونی ذمہ داریاں دوسروں کو منتقل نہیں کر سکتا۔ ریاستیں معاہدے کر کے اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں سے دست بردار نہیں ہو سکتیں۔
ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسے اقدامات میں شرکت قانون کی خلاف ورزی میں اعانت یا شراکت کے مترادف ہو سکتی ہے جو انسانی حقوق کی پامالی کا باعث ہوں۔
اس عمل میں شریک تمام ممالک اور علاقوں کو فوری طور پر ایسے انتظامات روک دینا چاہییں، منصفانہ اور موثر طریقہ کار کے ذریعے پناہ کی درخواست دینے تک رسائی بحال کرنی چاہیے، انسانی حقوق کا تحفظ اور قانونی تقاضوں کے مطابق منصفانہ کارروائی یقینی بنانی چاہیے اور شفافیت، حقوق کی آزادانہ نگرانی اور جوابدہی کو یقینی بنانا چاہیے۔
زندگیوں اور عزت نفس کو خطرہ
ماہرین نے کہا ہے کہ اس معاملے میں محض نقل مکانی کی پالیسی ہی داؤ پر نہیں لگی ہوئی بلکہ ان لوگوں کی زندگیاں، سلامتی، عزت نفس اور حقوق بھی خطرے میں ہیں جو ممکنہ طور پر پہلے ہی شدید مصائب برداشت کر چکے ہیں اور جن میں سے بہت سے لوگ اپنے آبائی ممالک میں جان لیوا مظالم سے بچنے کے لیے نکلے تھے۔
ماہرین اس معاملے پر امریکہ اور وہاں سے نکالے گئے پناہ گزینوں یا تارکین وطن کو قبول کرنے والے تمام 35 ممالک و علاقوں کی حکومتوں، پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) اور عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) سے رابطے میں ہیں۔
غیر جانبدار ماہرین و اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔