انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کانگو: ایبولا مریض 8000 سے متجاوز، متاثرین تک رسائی کی اپیل

مکمل پی پی ای میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والا کارکن لیٹا میں ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے چلنے والے ایبولا ٹریٹمنٹ سینٹر کے توسیعی مقام پر نارنجی رنگ کی حفاظتی باڑ کے پیچھے کھڑا ہے، جس میں UNICEF اور علیما برانڈڈ خیمے نظر آ رہے ہیں۔
© WHO/Grainne Harrington کانگو میں ایبولا کے علاج کا ایک مرکز۔

کانگو: ایبولا مریض 8000 سے متجاوز، متاثرین تک رسائی کی اپیل

صحت

جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد پہلی مرتبہ آٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے 3,901 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک کے مشرقی علاقوں میں جاری تشدد کے باعث مرض پر قابو پانے کی کوششوں میں سنگین مشکلات درپیش ہیں۔

ملک کے مشرقی صوبے ایتوری کو وبا کا گڑھ قرار دیا گیا ہے جہاں جاری لڑائی اور تشدد کے باعث بے گھر افراد کے ایک کیمپ سے ہزاروں لوگ نقل مکانی کر گئے ہیں۔ اس کیمپ تک رسائی میں مشکلات کے باعث وبا کو محدود رکھنے کے اقدامات متاثر ہو رہے ہیں۔ 

اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر (اوچا) کے مطابق، اس کیمپ میں تقریباً 19 ہزار بے گھر افراد مقیم ہیں۔ ان لوگوں کو مسلح تشدد، دھمکیوں، ہراسانی، گرفتاریوں، جبری بے دخلی اور پناہ گاہوں کی تباہی جیسے خطرات کا سامنا رہا ہے۔

ملک میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار ڈیمین ماما نے زور دیا ہے کہ کیمپ کا تشخص برقرار رہنا چاہیے اور اس میں مقیم لوگوں کو تحفظ اور باوقار زندگی میسر ہونی چاہیے۔ غیر منصوبہ بند نقل مکانی سے صحت عامہ کے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں کیونکہ یہ کیمپ اس علاقے میں واقع ہے جہاں ایبولا کی وبا زوروں پر ہے اور اس پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ 

طبی امداد کی فراہمی متاثر

ایتوری میں لڑائی اور تشدد کے باعث 11 لاکھ سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں جن میں 3 لاکھ 73 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر افراد کے کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ ڈیمین ماما نے شہریوں کے تحفظ اور امدادی سرگرمیوں کے لیے محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، سلامتی کی صورتحال ایبولا کے خلاف جاری کارروائیوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ یہ وبا ایسے ماحول میں پھیل رہی ہے جہاں مسلح تنازع، عدم تحفظ، آبادی کی نقل مکانی اور بنیادی سہولیات تک محدود رسائی جیسے مسائل ہیں۔

یہ رکاوٹیں بیماری کی نگرانی، مریضوں کی بروقت نشاندہی اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کی تلاش کو متاثر کر رہی ہیں۔ انفیکشن سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے اقدامات نیز متاثرہ افراد کو بروقت مناسب طبی سہولتوں تک پہنچانا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ 

اِتوری صوبہ ایبولا کی وبا کا مرکز بنا ہے۔ اگرچہ اگست کے وسط میں کیسز کی بلند ترین سطح کے مقابلے میں یہاں اب بتدریج کمی آ رہی ہے، تاہم بیماری کی منتقلی کا سلسلہ اب بھی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

ایتوری کے ہمسایہ صوبے شمالی کیوو میں ایبولا کے مریضوں کی تعداد بھی خطرناک حدود کو چھو رہی ہے۔ ستمبر کے وسط میں یہاں متاثرین کی تعداد ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی تاہم حالیہ دنوں اس میں کچھ کمی آئی ہے۔